چین کا مقابلہ، آسٹریلیا، امریکا، جاپان اور بھارت کی ایک ہونے کی منصوبہ بندی

آسٹریلوی وزیراعظم رواں ہفتے ٹرمپ سے ملاقات میں نئی منصوبہ بندی کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے

منگل 20 فروری 2018 13:26

چین کا مقابلہ، آسٹریلیا، امریکا، جاپان اور بھارت کی ایک ہونے کی منصوبہ ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) بھارت، امریکا، جاپان اور آسٹریلیا، چین کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ سے نمٹنے کے منصوبوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔ تاہم ایک امریکی اہلکار نے کہاہے کہ یہ حریفانہ نہیں بلکہ متبادل منصوبے ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت، جاپان، آسٹریلیا اور امریکا چین کے ملٹی بلین ڈالر منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ کے ہم پلہ علاقائی سطح پر بنیادی ڈھانچے کے ایک مشترکہ منصوبے سے متعلق مذاکرات کرتے رہے ہیں۔

تاہم نامعلوم امریکی اہلکارنے بتایاکہ اس منصوبے پر بات چیت امریکہ میں آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس ہفتے ہونے والی ملاقات میں ممکنہ طور پر ایجنڈے میں شامل ہو گی۔ امریکی اہلکار کے مطابق تاہم ابھی اس منصوبے کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

نامعلوم امریکی عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجوزہ منصوبے چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے کے حریف نہیں بلکہ اس کا متبادل ہوں گے۔

چین اس اسکیم کے تحت ساٹھ کے قریب ممالک میں بنیادی ڈھانچوں کے منصوبوں کے لیے مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ ان منصوبوں میں بندرگاہوں، ریلوے نیٹ ورکس اور شاہراہوں کی تعمیر شامل ہے۔امریکی اہلکار کے مطابق یہ کوئی نہیں کہہ رہا کہ چین کو بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر نہیں کرنی چاہیے۔ ہو سکتا ہے کہ چین ایک بندرگاہ تعمیر کر لے جس کے لیے اپنا وجود قائم رکھنا اقتصادی طور پر قابل عمل نہ ہو۔

ہم اس سے منسلک کوئی سڑک یا ریلوے لائن تعمیر کر کے اسے اقتصادی طور پر قابل عمل بنا سکتے ہیں۔‘‘یہاں یہ بات اہم ہے کہ امریکا خاص طور پر چینی منصوبوں کو عالمی سطح پر چین کا اثر ورسوخ بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھتا ہے۔ بنیادی ڈھانچوں کے مشترکہ منصوبے پر بات چیت کی خبر اٴْس وقت سامنے آئی جب انہی ممالک نے چار طرفہ سکیورٹی کے مذاکرات کی بحالی پر رضامندی کا اظہار کیا۔