ریاستی اداروں کی تضحیک کے بیانیے کو عوام انتخابات میں مسترد کر دینگے‘ جمشید چیمہ

تحریک انصاف حکوت میں آکر حقیقی جمہوریت کو فروغ اور پارلیمنٹ کو بالا دست بنائے گی ‘ سینئر نائب صدر

منگل 20 فروری 2018 13:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کی تضحیک کے بیانیے کو عوام انتخابات میں مسترد کر دیںگے ،حکمرانہوں نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے جس راستے کا تعین کیا ہے اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 124کے دفتر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمرانوںنے خود پارلیمنٹ کو بے وقت کیا ہے جس ادارے کا کام عوام اور ملک کے بہترین مفاد میں قانون سازی اور قومی سطح کی پالیسیاں تشکیل دینا ہے اسے اپنے ذاتی مفادات کیلئے قانون سازی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ حکمران اپنے لئے تو راتوں رات قانون سازی کرلیتے ہیں لیکن عوام کے مفاد کیلئے سالہا سال قوانین منظور نہیں ہوتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت میں آکر ملک میں حقیقی جمہوریت کو فروغ اور پارلیمنٹ کو بالا دست بنائے گی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے کیلئے جو جدوجہد شروع کی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ملک کے خزانے لوٹنے والے جلد احتساب کے کٹہرے میں ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے زراعت، انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اور عوام کی حالت ذار بدلنے کیلئے پیپر ورک مکمل کر لیا ہے اور حکومت میں آنے کے بعد اس پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :