خواتین کی بڑی تعداد کا ڈرامہ دیکھنے کیلئے الحمراء کا رخ کرنا ہی ہماری کامیابی ہے ‘ کیپٹن (ر) عطاء محمد

ملازمین میرے بھائی اور بچوں کی طرح ہیں ،ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے میرے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں

منگل 20 فروری 2018 12:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) الحمراء آرٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطاء محمد نے کہا ہے کہ الحمراء میں کام کرنے والے ملازمین میرے بھائی اور بچوں کی طرح ہیں اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے میرے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں حساس دل کا مالک ہوں ،الحمراء میں کام کرنے والے کسی بھی اہلکار کو کوئی تکلیف و پریشانی ہو تو میں اپنے طور پر اس کو فوری حل کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ الحمراء آرٹ اور ثقافت کا ادارہ ہے جہاں فیملیز کیلئے انٹرٹینمنٹ کے پروگرامز ،میوزیکل شوز ،مشاعرے ، محفل میلاد ، پینٹنگزکی نمائش ، ڈرامہ فیسیٹیول اور فیملی اسٹیج ڈرامے پیش کئے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ الحمراء مال روڈ اور کلچر کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم میںفیملیز کیلئے دلکش اور جازب نظر ماحول بنایا گیا ہے جہاں آنے والے الحمراء کی خوبصورتی دیکھ کر اپنے ذہنوں کو تر و تازہ محسوس کرتے ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الحمراء میں کام کرنے والے آرٹسٹ جب ایک مرتبہ یہاں کام کر لیتے ہیں تو پھر ان کا دل کسی اور جگہ کام کرنے کو نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ الحمراء کے ڈرامے خصوصاً فیملیز کیلئے پیش کئے جاتے ہیں اور یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ لاہو رمیں جتنے بھی تھیٹرز موجود ہیں ان کو چھوڑ کر خواتین کی بڑی تعداد الحمراء کا رخ کرتی ہے اور یہی ہمارے ڈرامہ کی کامیابی کی علامت ہے ۔