سعودی عرب میں بے قابو گاڑی کی ٹکرسے چار سائیکلسٹ جاں بحق، چھ زخمی

ڈرائیور کی فرارکی کوشش ناکام،گرفتارکرلیاگیا، واقعہ اچانک اور انتہائی درد ناک ہے،سعودی حکام

منگل 20 فروری 2018 12:17

سعودی عرب میں بے قابو گاڑی کی ٹکرسے چار سائیکلسٹ جاں بحق، چھ زخمی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) سعودی عرب کی ابو عریش گورنری میں سوموار کی شام پیش آنے والے ایک المناک واقعے میں الیرموک اسپورٹس کلب کی سائیکل ٹیم کے چار کھلاڑی جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ العریش کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب تربیتی دوڑ کے دوران ایک بے قابو گاڑی سائیکلسٹوں پر چڑھ دوڑی۔

واقعے میں چار کھلاڑی جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ پولیس، شہری دفاع اور ہلال احمر کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔الیرموک کلب کے سیکرٹری جنرل محمد داؤد دکام نے بتایا کہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ اچانک اور انتہائی درد ناک ہے۔ جنوبی عریش گورنری میں معمول کی تربیت کے دوران سڑک پر سائیکلنگ کرنے والے کھلاڑیوں پر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے ایک کار کھلاڑیوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں کم سے کم چار کھلاڑی جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کار کا مالک حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جو خود ایک اور کار کی زد میں آنے سے بال بال بچا۔ بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسین آل سالم، صبری حدور، محمد حظری اور یحییٰ اسماعیل کے ناموں سے کی گئی ہے جب کہ چھ کھلاڑی زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں کلب کے چیئرمین عبدہ ابو شرحہ اور کوچ توفیق احمد بھی شامل ہیں۔