بیڑ میں گرلز ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے، خواتین کو بھی یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ عوامی حلقے

منگل 20 فروری 2018 00:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) بیڑ میں گرلز ڈگری کالج بنایا جائے، دیہات کی خواتین کو شہر کی خواتین کی طرح یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے، ہری پور کے شمال مشرق میں چھپر دربند روڈ پر آباد یونین کونسلوں میں گرلز کالج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے خواتین اعلیٰ تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی ہیں۔

یونین کونسل بیڑ میں گرلز کالج کی تعمیر سے نئے دور کا آغاز ہو گا اور خواتین ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال کر روشن اور نیا پاکستان بنانے میں معاون و مدد گار بننے کے قابل ہوں گی۔ شہر سے دور آباد دیہات بے پناہ ٹیلنٹ سے مالامال ہیں مگر سہولیات اور عدم دلچسپی کے باعث ان کا ٹیلنٹ زنگ آلود ہو رہا ہے، ماضی میں حکومتیں اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف رہی ہیں اور انہوں نے خواتین پر کوئی توجہ نہیں دی ہے ۔

(جاری ہے)

یونین کونسل بیڑ سے تعلق رکھنے والی خواتین، بلدیاتی نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے حلقہ پی کے 52 کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان المعروف جہازوں والا، وزیر مواصلات اکبر ایوب خان، ہائیر ایجوکیشن کے وزیر مشتاق غنی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے درخواست کی ہے کہ وہ چھپر دربند روڈ پر یونین کونسل بیڑ کے عوام کیلئے گرلز ڈگری کالج بنا کر ہمارا مسئلہ حل کریں۔ ڈگری کالج کے قیام سے ہماری پسماندہ ویلج کونسلوں کی خواتین بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔