شمشیر الہٰی ایڈووکیٹ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء صدیوں پُر نہیں ہو سکتا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور

منگل 20 فروری 2018 00:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) شمشیر الہٰی ایڈووکیٹ ڈسٹرکٹ بار ہری پور کا قیمتی اثاثہ اور ملنسار شخصیت تھے جن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء صدیوں تک پُر نہیں ہو سکتا، مرحوم نے تمام عمر مساجد کی خدمت کی اور ہمیشہ انسانیت سے پیار کیا، جب بھی کسی کو مشکل میں دیکھا تو اس کی بے لوث خدمت کی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور صلاح الدین، صدر ڈسٹرکٹ بار اسدالله ملک ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شاہد محبوب ایڈووکیٹ، چیئرمین خیبر پختونخوا بار کونسل ملک خالقداد ایڈووکیٹ، سابق صدر خورشید اظہر ایڈووکیٹ، مقبو ل حسین ایڈووکیٹ، سابق صدر ہائی کورٹ بار جاوید تنولی ایڈووکیٹ، خورشید خان ایڈووکیٹ، راجہ جابر ایڈووکیٹ اور دیگر نے شمشیر الہٰی ایڈووکیٹ مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ شمشیر الٰہی ایڈووکیٹ کا سینئر و جونیئر وکلاء کے ساتھ رویہ ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تھا، یہی وجہ ہے کہ آج ہر وکیل ان کی ناگہانی وفات پر غم میں ڈوبا ہوا ہے، مرحوم نے ڈسٹرکٹ بار کی ترقی اور وکلاء کے فلاح و بہبود کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا۔ اس موقع پر سینئر سول جج اعجاز احمد، ڈسٹرکٹ بار کے نائب صدر ملک نوید ایڈووکیٹ، جائنٹ سیکرٹری ساجد علی ایڈووکیٹ، لائبریری سیکرٹری وقاص احمد ایڈووکیٹ سمیت مر د و خواتین وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ تقریب کے اختتام پر مرحوم کیلئے اجتماعی دعا بھی کروائی گئی۔