سکھر میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ فورس کی جانب سے تجاوزات کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں

پیر 19 فروری 2018 23:40

سکھر۔19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر سکھر میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ فورس کی تجاوزات اور نو پارکنگ زون میں کھڑی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کے روز اینٹی انکروچمنٹ آفیسر منظر ضیاء زیدی کی نگرانی میں انسپکٹرز خالد بھٹی ، جمال گڈانی، سہیل الطاف، عدنان میمن ، انور سومرو ، ظہیر میمن و دیگر نے شہر کے مختلف علاقوں گھنٹہ گھر ، پان منڈی ، شیخ شہین روڈ ، غریب آباد ، ڈھک روڈ ، اسٹیشن روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے باہر رکھا ہوا سامان ضبط کرلیا جبکہ مختلف علاقوں میں تھڑے بھی مسمار کئے گئے ، دورانِ کارروائی اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ دکانوں کے باہر رکھا ہوا سامان اپنی دکان کے اندر رکھیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اسی طرح محکمہ اینٹی انکروچمنٹ اور محکمہ ٹیکس کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں غلط پارک کی گئی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 15 سے زائد موٹر سائیکلیں اور 2 کاریں بھی تحویل میں لیں ، فی کار 500 اور فی موٹر سائیکل 200 روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔