کمشنر سکھر ڈویژن کی زیرصدارت سکھر ٹریفک پلان کے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے

پیر 19 فروری 2018 23:40

سکھر۔19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت سکھر شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور ٹریفک پلان کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو، ایس ایس پی سکھر امجد حسین شیخ،ڈپٹی میئر طارق چوہاں ،پولیس، روینیو، ریلویز، میونسپل اور دیگر متعلقہ اداروں و محکموں کے افسران اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ٹریفک پلان کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ اولڈ ایس آر ٹی سی گرائونڈ پر بائونڈری وال کا کام مکمل ہونے تک فوری طور پر بارب وائر لگاکر گاڑیوں کی پارکنگ کا کام شروع کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک کی روانی کیلئے تجرباتی بنیادوں پر سکھر شہر کے چار مقامات پر ڈوائیڈرز کنکریٹ بلاکس لگوائے جائیںگے، جس کا انتظام میونسپل کارپوریشن سکھر 45روز کے اندر کریگی۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے کہا کہ عارضی طور پر آہنی بیریئرز لگاکر ٹریفک پر کنٹرول کیا جائے۔ جن مقامات پر ڈوائیڈرز کنکریٹ بلاکس لگائے جائینگے ان میں پولیس لائن سے حراہسپتال چوک، ڈولفن چوک سے ڈسٹرکٹ جیل، فوجداری چوک سے پولیس لائن اور بندر روڈ پر دعا چوک سے گلوب چوک تک شامل ہیں۔ کمشنر سکھر نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ٹریفک انتظامات کیلئے مطلوبہ سائن بورڈس تمام جلد فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے ڈی سی سکھر کو ہدایت کی کہ ڈوائیڈرز بلاکس لگانے کے کام کو بیوٹی فکیشن اسکیم میں بھی شامل کیا جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی کے سلسلے میں آگاہی اور شعور بیدار کیا جائے اور تاجر تنظیمیوں انتظامیہ کے ساتھ ملک کر آگاہی پروگرام اور واک کا انتظام کریں، جبکہ آگاہی بینرز بھی لگوائے جائیں۔ اجلاس کے شرکاء کی جانب سے شہر کے اندر پارکنگ ایریاز کیلئے مختلف مقامات اور پلاٹس کی نشاندہی کی گئی، جس پر کمشنر سکھر محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ ڈپٹی میئر اور افسران کی ٹیم مل کر مکی مسجد کے نزدیک خالی پلاٹس کو پارکنگ کے استعمال میں لانے کیلئے ذمیواران سے بات کرینگے۔

کمشنر سکھر نے ایس ایس پی سکھر کو ہدایت کی کہ بازاروں اور سڑکوں سے ناجائز تجاوزات اور ریڑھے ہٹانے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور ون وے سمیت دیگر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ون وے روٹس پر ہائڈرالک ٹائر برسٹر لگوائے جائیں، جس کا انتطام ایک ہفتے کے اندر میونسپل کارپوریشن سکھر کریگی۔ کمشنر سکھر نے میونسپل کارپوریشن کو ٹریفک ریگیولیشن اسٹاف کی خدمات پولیس کے حوالے کرنے کا کہا جس پر ڈپٹی میئر سکھر طارق چوہان نے یقین دلایا کہ میونسپل عملے کے 50افراد ایس ایس پی سکھر کے حوالے کے جائینگے جو کہ ٹریفک پر کنٹرول میں پولیس کی مدد کرینگے۔

کمشنر سکھر نے کہا کہ میونسپل کی جانب سے فراہم کردہ اسٹاف کی ٹریننگ کرواکے ٹریفک کنٹرول کیلئے تعینات کیا جائے۔ کمشنر سکھر نے اس موقع پر ریلویز کے متعلقہ افسر کو ہدایت کی کہ بندر روڈ پر مال گودام کے خالی پلات پر صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ پودے لگوانے کو یقینی بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :