سنسنی خیز مقابلے میں برازیل نے پاکستان کو 6-4 گول سے شکست دے دی

پیر 19 فروری 2018 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) کے پی ٹی فٹ بال گراؤنڈ میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں برازیل نے پاکستان کو 6-4 گول سے شکست دے دی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کے پی ٹی فٹ بال گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ساکر فٹ بال میچ کا انعقاد ہوا۔ پاکستانی ٹیم نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کا آغاز ہی سبک رفتاری سے ہوا جب برازیل کی جانب سے پہلا گول ان کے ڈوران نے ساتویں منٹ میں کیا اور تھوڑی ہی دیر بعد گیارہویں منٹ میں ایک گول ویلنگٹن نے داغ دیا۔

پاکستان کی جانب سے جلد ہی ایک کامیاب اٹیک کر کے پندرھویں منٹ میں سارم بالو نے گول کیا اور بعد ازاں پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے حبیب نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کا آغاز بھی سبک رفتاری تھا برازیل نے یکے بعد دیگرے دو گول مزید کر کے اپنی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو گول حبیب اور فیصل نے کئے جن کو بالترتیب مزید دو گولوں کے ساتھ برازیل نے اپنی کامیابی کو برقرار رکھا۔

برازیل کی جانب سے تین گول کر کے ڈوران ٹاپ اسکورر رہے۔ سنسنی خیز میچ کے مہمان خصوصی کے پی ٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے مہمان ٹیم کی کامیابی کے ساتھ میزبان ٹیم پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ برازیل کی ٹیم نے ٹرافی جیتی جبکہ پاکستان رنرز اپ رہا۔

متعلقہ عنوان :