پاکستان کا نوجوان کسی بھی چیلنج کو بہ خوبی انجام دے سکتا ہے‘ گورنر سندھ

پیر 19 فروری 2018 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا نوجوان دنیا کے کسی بھی چیلنج کو بہ خوبی انجام دے سکتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم ، تربیت اور کاروبار کے لئے انہیں رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ملک کی ترقی میں تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں اگر انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو روشناس کروانے کے مواقع میسر آسکیں ۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مومینٹم کانفرنس 2018 کے دورے کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں باالخصوص بزنس گریجویٹس کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے مدد فراہم کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ قومی ترقی و خوشحالی کے سفر میں ان کی شمولیت یقینی بنائی جاسکے، کیونکہ کوئی بھی معاشرہ نوجوانوں کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر کی اشد ضرورت ہے کہ ہمارا نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو تاکہ وہ دنیا میں اپنا اور ملک کا نام روشن کرسکے۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ ملک کی کل آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم ملک کی تعمیر و ترقی کو مزید تیز کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان ہی آگے چل کر ملک کی باگ دوڑ سنبھالیں گے جس کے لئے ہم سب کو نوجوانوں کو آگے لانا ہوگا اور ان کو جدید سہولیات بھی فراہم کرنا ہونگی۔

موجودہ حکومت نے جامعات کے ذہین طلبہ و طالبات میں وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جن کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ جدید تعلیم کے ساتھ تحقیق کے مواقع بھی فراہم کرنا ضروری ہیں جس کے لئے وفاقی حکومت کے تحت پہلے مرحلے میں پانچ ریسرچ انکیویشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اس سلسلے میں شب و روز کام کرہی ہے تاکہ پورے ملک میں یہ سہولت فراہم کی جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مومینٹم 2018 میں بین الاقوامی کمپنیوں ایمنرون ، فیس بک اور ٹویٹر کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ بہت جلد پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بن جائے گا کیونکہ وفاقی حکومت نے ملک بھر سے توانائی کے بحرن کا خاتمہ کرتے ہوئے امن و امان کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روز نمائش سے نوجوانوں کو نئے خیالات اور جدید سہولیات میسر آئیں گی جو آگے چل کر ان کو اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس موقع پر عامر جعفری نے کہا کہ اس سال مومینٹم 2018 ء میں پاکستان بھر سے 300 سے زائد اسٹارٹ اپس حصہ لے رہیں جو اپنے آئیڈیاز اور اسٹریٹجیز پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :