دوران حج خواجہ سرائوں کی رضاکارانہ خدمات لینے کا فیصلہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 19 فروری 2018 23:05

دوران حج خواجہ سرائوں کی رضاکارانہ خدمات لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2018ء)ملکی تاریخ میں پہلے بار خواجہ سرا حج کے دوران رضاکاروں کی حیثیت سے خدمات انجام دینے سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔حج کیلئے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم کے سربراہ عاطف امین کے مطابق رواں سال حج کیلئے نوجوان خواجہ سرائوں کو خدام الحجاج کی حیثیت سے سعودی عرب بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

خواجہ سرائوں کو سندھ میں قائم 150 بوائز اسکائوٹ پر مشتمل ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔اس اقدام کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے تنظیم کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔عاطف امین کے مطابق باقی تین صوبوں سے بھی دو یا تین خواجہ سرا کو منتخب کر کے ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ حال ہی میں سندھ سی40نوجوان خواجہ سرائوںنے ملک کی سب سے بڑی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم ’پاکستان بوائزسکائوٹس ایسوسی ایشن ‘میں شمولیت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم میں شمولیت کا طریقہ کار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدام الحجاج کے طور پر کام کرنے کے لئے ایک ٹیسٹ اور جسمانی تربیت درکار ہوگی جس کے بعد کامیاب امیدواروں کی فہرست حتمی منظوری کے لئے وفاقی وزارت مذہبی امور کو بھیجی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواجہ سرائوں کی سماجی قبولیت، اعتماد دینا، محفوظ محسوس کرنا اور مستقبل میں آگے بڑھنے کا موقع دینا ہے