اصل ترقی جمہوریت کے دور میں ہوئی، مارشل لاء نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا،بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آ رہی ہے،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

پیر 19 فروری 2018 23:32

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اصل ترقی جمہوریت کے دور میں ہوئی، مارشل لاء نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، جمہوری دور میں تعلیم پر معیشت کا 2.2 فیصد خرچ کیا گیا جبکہ مارشل لاء کے دور میں تعلیم پر ایک 1.9 فیصد خرچ کیا گیا،جمہوری دور میں ہی صحت کے شعبے میں فنڈز بڑھائے گئے۔

وہ پیر کو وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات میں پائیدار ترقی کے حوالہ سے جاری کردہ رپورٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آ رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کے باعث لوگ اپنی پراپرٹی کی دیکھ بھال کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سکولوں کی سطح پر کمپیوٹر کی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے، یونیورسٹیوں میں 10 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں، وفاق اور صوبوں میں لڑکیوں کی تعلیم پر مزید توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کا مقصد نوجوان نسل کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور اس پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو تخلیق اور تحقیق کی طرف گامزن کرنا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چوتھی مرتبہ ایک بڑی معیشت کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ پی ڈبلیو سی کے شمارے کے مطابق اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 2030ء تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائینا اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو فروغ ملا۔ پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.3 فیصد تک بڑھ چکا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔