جماعت اسلامی کے تحت ڈی جی نادرا آفس پر کل احتجاجی دھرنا دیا جائے گا

حافظ نعیم الرحمن اور مختلف کمیونٹیز کے نمائندے خطاب کریں گے ،تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی شہر بھر میں کیمپس قائم ، ہینڈ بلز کی تقسیم ،ہزاروں کی تعداد میں بینرز بھی لگادیئے گئے ،عوام سے دھرنے میں شرکت کی اپیل

پیر 19 فروری 2018 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) نادرا کی نااہلی و ناقص کارکردگی ،شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے اور غیر ضروری دستاویزات طلب کرنے ،بالخصوص مشرقی پاکستان سے آنے والوں ،بنگلہ زبان بولنے والوں اور پختونوں کو امتیازی اور ناروا سلوک کا نشانہ بنانے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت منگل 20فروری کو 1بجے دن ڈی جی نادرا آفس کارساز روڈ پر زبردست احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔

دھرنے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے اور نادرا کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،دھرنے میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنما ،نادرا کے متاثرین اور مختلف کمیونیٹیز کے نمائندے بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور نادرا کے مظالم اور مسائل بیان کریں گے ،دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،جماعت اسلامی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عام شہری ،نادرا کے متاثرین ،بنگالی ،برمی ، بہاری اور پختون کمیوینٹیز سمیت مختلف طبقات اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا احتجاجی دھرنے کے سلسلے میں شہر بھر میں مختلف مقامات پر کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں سے شہریوں کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے جبکہ شہر بھر میں بڑی تعداد میں بینرز بھی لگادیئے گئے ہیں ۔ اور ہزاروں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جاچکے ہیں ،جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نادرا کے مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے میں بھر پور شرکت کریں اور دھرنے کو کامیاب بنائیں ،جماعت اسلامی عوام کو نادرا کے مظالم سے نجات دلائے گی اور مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔