جمہوری حکومتوں کو غیرمنتخب اداروں کے ذریعے مفلوج بنانے کی بنیاد نواز شریف نے رکھی‘مولا بخش چانڈیو

نواز شریف نے ہی پارلیمنٹ کو کمزور اور بے توقیر کیا ہے، (ن )لیگ پر مصیبت پڑتی ہے تو انہیں پارلیمنٹ کی یاد آتی ہے‘وزیراعظم کے قومی اسمبلی کے بیان پر ردعمل

پیر 19 فروری 2018 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پیپلزپارٹی نے کہاہے کہ جمہوری حکومتوں کو غیرمنتخب اداروں کے ذریعے مفلوج بنانے کی بنیاد نواز شریف نے رکھی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی صاحب یاد کریں کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو کس نے تاراج کروایا، نواز شریف اور ان کی جماعت نے ہی پارلیمنٹ کو کمزور اور بے توقیر کیا ہے۔ترجمان پیپلز پارٹی مولا بخش چانڈیو نے وزیراعظم کے قومی اسمبلی کے بیان پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پی پی حکومت کو مفلوج بنانے کیلئے نواز شریف نے افتخار چودھری کی عدالت کو استعمال کیا، (ن )لیگ پر مصیبت پڑتی ہے تو انہیں پارلیمنٹ کی یاد آتی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف جب جب مصیبت سے نکلے انہوں نے پہلا حملہ پارلیمنٹ پر ہی کیا۔

انہوںنے کہاکہ سندھ میں آج بھی حکومت کو اپنے اختیارات استعمال نہیں کرنے دیے جاتے،وزیراعظم اور ان کی جماعت کو سندھ میں غیرمنتخب اداروں کا حکومتی اختیار استعمال کرنا اچھا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج جب وفاقی حکومت کی باری آئی ہے تو (نٌ لیگ چیخ رہی ہے،پی پی پی پہلے بھی پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتی تھی اور اب بھی اس کیلئے کوشاں ہے۔

پی پی کسی کے سیاسی مفاد کیلئے نہیں پارلیمنٹ کے بالادستی کیلئے قانون سازی کی حمایت کرے گی۔ا نہوںنے کہاکہ کوئی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کچھ کرے نہ کرے پی پی ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔جمہوریت بھٹو نے دی، بینظیر نے اسے بحال کیا، آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو اختیار دئیے ۔نواز شریف نے جمہوریت کو کمزور کیا، پی پی پی بلاول کی قیادت میں اسے مستحکم کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ آج بھی جب وزیراعظم عدلیہ کے کردار پر بات کرتے ہیں لیکن کوئی کچھ نہیں کہتا،پی پی پی وزیراعظم کو تو توہین عدالت کے الزام میں گھر بھیجا جاتا ہے۔وزیراعظم عدالت سے نااہل قرار دئے گئے نواز شریف کے حق میں اور عدلیہ کے خلاف بولتے پھر رہے ہیں،(ن) لیگ پر آج بھی ہتھ ہولا ہے اور ان پر مہربانیاں کی جا رہی ہیں۔