ریڈ زون کی سکیورٹی کیلئے مختلف پوائنٹس پر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سونگھنے والے کتے تعینات

پیر 19 فروری 2018 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت سمیت ریڈ زون کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی پلان کے تحت مختلف پوائنٹس پر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سونگھنے والے کتے بھی تعینات کئے ہیں جو مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ اور یہ بارودی مواد اور منشیات کو ٹریس کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وفاقی پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے احکامات کی روشنی میں موجودہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ زون کے ناکوں پر تعینات پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ سونگھنے والے کتے (سنیفرز ڈا گ ) بھی چیکنگ کیلئے کا م آ سکیں گے، شہر کے مختلف مقامات بشمول سرینہ چوک، نادرا چوک، ریڈیو پاکستان چوک، میریٹ چوک اور مارگلہ روڈ کی طرف ناکوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی، ریڈ زون میں واقع اہم عمارتوں اور تنصیبات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی سٹی احمد اقبال، ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اور دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ مختلف مقامات اور ناکہ جات پر اس سارے عمل کا خود جائزہ لیتے رہے اور اپنی نگرانی میں چیکنگ کراتے رہے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ یہ چیکنگ ریڈ زون کے مختلف مقامات کی جاتی رہے گی تاکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی کو موثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :