صنعتی ترقی میں آجروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ گورنر سندھ

سائوتھ ایشیا کے ایمپلائرز کی کانفرنس کا کراچی میں انعقاد یہاں کے امن و امان کی بہتری کا ثبوت ہے، افتتاحی اجلاس سے خطاب

پیر 19 فروری 2018 23:21

صنعتی ترقی میں آجروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آجر کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیںکیونکہ ان کی جانب سے نئی صنعتیں لگانے سے ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوتے ہیں جس سے بے روزگاری میں کمی واقع ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سائوتھ ایشین فورم آف ایمپلائرز کی ساتویں کانفرنس کنکلیو (SAFE Conclave 2018) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے ایک اہم کانفرنس کے کراچی میں انعقاد پر ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور وفاق کے نمائندے ان کی یہ اولین ذمے داری ہے کہ صوبہ سندھ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے سازگار مواقعوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کارپوریٹ پس منظر کے باعث انہیں سرمایہ کے تحفظ، درکار سیکورٹی، کاروبار کے لئے سہولیات ، تعاون اور مدد کی فراہمی اور اس ضمن میں حکومت کا کردار جسے عوامل کا بہ خوبی ادارک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فورم کے لئے جنوبی ایشیائی ممالک کے آجروں ، ڈچ ایمپلائرز کو آپریشن پروگرام اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کی شرکت دراصل کراچی میں امن وامان کی بہتر صورتحال پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی مندوبین اپنے قیام کے دوران کراچی کی سماجی ، ثقافتی سرگرمیوں کا از خود مشاہدہ کریں گے۔

گورنر سندھ نے شرکاء کو امن و امان ، توانائی بحران کے خاتمہ اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ملک بھر میں خصوصاً سی پیک کے تحت بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار تواتر سے پاکستان کا دورہ کرکے یہاں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے دوران انہیں اس کانفرنس کے بارے میں باقاعدگی سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کار وں کی مسلسل آمد اور موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کا کام خوش اسلوبی سے جاری ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاہ یہاں سے خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کانفرنس کے ضمن میں حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ڈچ ایمپلائرز کو آپریشن پروگرام کے سینئر کنسلٹینٹ راجر کورس نے کہا کہ اس کانفرنس کا ایک تاریخی عمارت میں افتتاح بہت خوشی کی بات ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز شرکاہ نے کراچی میں مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا جن میں مزار قائد، چرچ، مندر اور موہٹہ پیلس شامل تھے۔

انہوں نے گورنر سندھ کو جنوبی ایشیا ایمپلائرز فورم کے قیام کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا ، عالمی ادارہ محنت کے بیورو آف ایمپلائرز کی سینئر اسپیشلیسٹ رویندراپیئرس نے جنوبی ایشیا کے بارے میں مختلف اعداد و شمار بتائے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ محنت آجروں کی تنظیموں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے کام کرر ہا ہے جن میں محنت کشوں کی نقل مکانی ، صنفی مساوات ، آجر نیلوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور عالمی ادارہ محنت کے قوانین پر عملدرآمد کے شعبہ شامل ہیں۔

عالمی ادارہ محنت کی نمائندہ میں انگرڈ کرسچین نے کہا کہ عالمی ادارہ محنت آجروں ، محنت کشوں اور حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتا ہے تاکہ مسائل کو ہر وقت حل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے کے صدر مجید عزیز نے کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر گورنر سندھ کا شکریہ اد ا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا دارہ کراچی کی اہمیت اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کی تمام آجر تنظیمیں قریبی تعاون پر متفق ہیں کیونکہ ان کے ذریعہ ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات استوار کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے ٹریک ون، ٹریک ٹو کے بجائے ٹریک ای کے تصور کو زیادہ اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ فیڈریشن کے نائب صدر ذکی احمد خان نے گورنر سندھ اور تمام مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔