گورنر پنجاب سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

پیر 19 فروری 2018 23:11

گورنر پنجاب سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی کی ملاقات ،باہمی دلچسپی ..
لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ سی پیک سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہورہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں بہترین کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے ہر قسم کا تعاون فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں گلگت بلتستان سمیت دیگر صوبوں کے طلباء کا کوٹہ مزید بڑھایا جارہا ہے تاکہ وہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عام لوگوں کو بنیادی سہولتوں کو فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان روابط کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کے زیر تعلیم طلباء کو حصول علم کے لئے قابل تحسین سہولتیں فراہم کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :