فنانشل ٹاسک فورس میں قرارداد کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکہ یا کسی دوسرے ملک کے لئے نہیں لڑ رہے،وزیر داخلہ احسن اقبال

پیر 19 فروری 2018 23:07

فنانشل ٹاسک فورس میں قرارداد کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے، ہم ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ فنانشل ٹاسک فورس میں قرارداد کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے۔ پوری پاکستانی قوم کو یک زبان ہو کر عالمی برادری کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ ہم دبائو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکہ یا کسی دوسرے ملک کے لئے نہیں لڑ رہے۔ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔

پیر کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ فنانشل ٹاسک فورس میں پاکستان کو صرف چین کی حمایت حاصل ہے، باقی سارے ملک اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس کے جواب میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ 2015ء سے پاکستان کو گرے کیٹگری سے وائٹ کیٹگری میں کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس قرارداد کا تعلق خارجہ پالیسی سے نہیں ہے۔

اس کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو عالمی برادری کو یک زبان ہو کر پیغام دینا چاہئے کہ ہم دبائو برداشت نہیں کر سکتے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف امریکہ سمیت کسی کے لئے جنگ نہیں لڑ رہے۔ یہ جنگ قومی اتفاق رائے سے لڑی جا رہی ہے۔ ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد صرف اور صرف پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے۔ اس کا قومی اسمبلی کی جانب سے عالمی برادری کو قرارداد کے ذریعے یک زبان ہو کر پیغام دینا چاہئے۔ ہم پاکستان کی سرزمین کے اندر دہشت گردی کی اجازت دیں گے نہ ہی پاکستان کی دہشت گردی کے لئے سرزمین استعمال ہونے دیں گے۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ خودکش حملے حرام ہیں اور ہم انتہاء پسندی کو پروان چڑھانے والی سوچ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

یہ تمام اقدامات بعض مخصوص ممالک کے ایجنڈے کے تحت کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اثر ہمارے بجٹ پر پڑے گا جس سے ہمارے دہشت گردی کے خلاف اقدامات متاثر ہوں گے۔ امریکہ سمیت مغربی ممالک کو اس صورتحال کا ادراک کرنا ہوگا۔ پیرس میں بیٹھنے والے ممالک کو مل کر پیغام دینا چاہئے کہ ہم کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی ہمارا عزم متزلزل ہوگا۔