خضدار شہر کی خوبصورتی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ،رمیر عبدالرحیم کرد

مستقبل میں عوام تبدیلی دیکھیں گے ،شہر ی نظام کی بحالی کے لئے ہم اپنی ترجیحات پر تیزی کے ساتھ گامزن ہیں،میئر خضدار

پیر 19 فروری 2018 22:57

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء)میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ خضدار میں شہری مسائل کے حل کے لئے اقدامات بدستور جاری ہیں ۔ سیوریج سسٹم اور شہر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ شہر ی نظام کی بحالی کے لئے ہم اپنی ترجیحات پر تیزی کے ساتھ گامزن ہیں۔اب ہمیں جدید مشینری بھی میسر آگئی ہے جس کے تحت شہر میں صفائی کے نظام کو مذید موثر انداز میں بہتر بناسکیں گے ان خیالات کا اظہارا نہوںنے شہر کے مختلف مقامات پر جاری اسکیمات کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ہم نے پہلے ہی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں گے ۔جس پر بدستور عملدرآمد جاری ہے ۔ اور ہم نے عوامی خدمت کی ذمہ داری جس دن سے سنبھال رکھی ہیں اسی روز سے آج تک شہرکی خوبصورتی اورعوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرتے رہے ہیں ۔ اور یہ سلسلہ آج بھی بدستور جاری ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل جلد ازجلد حل کردیں ۔شہر کی تعمیر و ترقی کو پہلے سے بھی زیادہ موثر انداز میں بہتر بنا سکیں گے ۔