بہادرآباد گروپ کی فاروق ستار کے امیدواروں کو سینیٹ الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش ناکام

الیکشن کمیشن نے پی آئی بی کے 9امیدواروں کی دستبرداری کیلئے لکھا گیا ایم کیو ایم بہادرآباد کا خط مسترد کردیا صوبائی الیکشن کمیشن کا خالد مقبول صدیقی کے خط کے حوالے سے واضح موقف دینے سے گریز ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں فاروق ستار شوق سے بہادرآباد آئیں، چائے پلاکر روانہ کردیں گے، عامرخان

پیر 19 فروری 2018 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کی جانب سے فاروق ستار کے امیدواروں کو سینیٹ الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہوگیا ہے تاہم متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم)کے دونوں دھڑوں پی آئی بی اور بہادرآباد کے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے اور تمام امیدوار میدان میں ہیں۔

ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کی جانب سے فاروق ستار گروپ کے امیدواروں کو سینیٹ الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے پی آئی بی گروپ کے 9 امیدواروں کے پارٹی ٹکٹ کی واپسی کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا جو ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی کی جانب سے لکھے خط میں کہا گیا کہ پارٹی کی جانب سے کامران ٹیسوری، کشور زہرہ، فرحان چشتی، احمد چنائے، حسن فیروز، علی رضا عابدی، منگلا شرما، نگہت شکیل اور امین الحق کے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے گئے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ فروغ نسیم، عامر چشتی، نسرین جلیل، عبدالقادر خانزادہ اور سنجے پروانی ایم کیو ایم کے حتمی امیدوار ہیں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم بہادر آباد اور رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کے ساتھ ساتھ مخالف گروپ پی آئی بی کے تمام سینیٹ امیدواروں کو بھی ٹکٹ جاری کئے تھے۔ادھر صوبائی الیکشن کمیشن خالد مقبول صدیقی کے خط کے حوالے سے واضح موقف دینے سے گریز کر رہا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کے خط کے حوالے سے کچھ علم نہیں۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں جس کے مطابق الیکشن میں فاروق ستار نے سب سے زیادہ 9 ہزار 423 ووٹ لیے اور متفقہ طور پر پارٹی کنوینئر)سربراہ( منتخب ہوئے، جبکہ مرکزی ایگزیکٹیو کونسل 38 ممبران اور رابطہ کمیٹی 35 ممبران پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب مرکز بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ فاروق ستار بہادرآباد آئے تو انہیں چائے پلاکر روانہ کردیں گے۔ فاروق ستار کے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار شوق سے بہادرآباد آئیں، چائے پلاکر روانہ کردیں گے۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ یہ فاروق ستار کا اپنا گھر ہے، وہ مہمان نہیں اور جب چاہے یہاں آ سکتے ہیں۔