سینیٹ انتخابات، منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک ہے، فضل الرحمن

ایوانِ بالا کے الیکشن ایسا منظر پیش کررہے ہیں جیسے گھوڑوں کی فروخت ہونے والی ہے، لیاری میں علماء کنونشن سے خطاب

پیر 19 فروری 2018 22:56

سینیٹ انتخابات، منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک ہے، فضل الرحمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں منتخب نمائندوں کی منڈیاں لگنا افسوسناک اقدام ہے، ایوانِ بالا کے الیکشن ایسا منظر پیش کررہے ہیں جیسے گھوڑوں کی فروخت ہونے والی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے لیاری میں علما کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاستدان اکیلے جنگ لڑرہے ہیں کیونکہ ہمیں پارلیمنٹ کی بالادستی چاہیے، اب وقت ہے کہ سیاسی رہنمائوں کو اپنی سوچ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو کامیاب بنانے کے لیے قیمتیں لگانا انتہائی افسوسناک اقدام ہے، اگر واقعی نظام تبدیل کرنا ہے کہ ووٹ اس کا بہترین ہتھیار ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دبئی کے بینکوں میں پاکستان کے 31 بااثر لوگوں کے 60 ارب روپے موجود ہیں اور دوسری طرف ملک کے کچھ سیاستدان غریب کسانوں کی زمینیں چھین کر مزے کررہے ہیں۔نوازشریف کی طرح اداروں پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اداروں کو آئینی دمہ داریوں تک محدود دیکھنا چاہتے ہیں، کسی ادارے کے سہارے سیاسی انتقام لیتے ہوئے کچھ بھی کرلیا جاتا ہے مگر اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم ملکی آئین کی بالادستی چاہتے ہیں اور خواہش ہے تمام سیاسی جماعتیں قومیت سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کریں، سب کو مل کر ملک میں عدل و انصاف اور امن قائم کرنے کے لیے کاوشیں کرنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی اداروں کا کھیل اب نہیں کھیلا جائے گا، کسی بھی بیرونی ایجنٹ کو پاکستان میں کردار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ ہمارا اپنا آئین موجود ہے، عمران خان کا ماضی اور مستقبل سب کے سامنے ہے۔