زینب قتل کیس جیسے واقعات ملک بھر میں ہو رہے ہیں ،ْایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پارلیمنٹ کو کام کرنا چاہئے ،ْ طلال چوہدری

نجی ٹی وی چینلوں کو عوامی پیغامات کے لئے مختص وقت میں آگاہی کے لئے کام کرنا چاہئے ،ْسینٹ میں اظہار خیال

پیر 19 فروری 2018 23:15

زینب قتل کیس جیسے واقعات ملک بھر میں ہو رہے ہیں ،ْایسے واقعات کی روک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ زینب قتل کیس جیسے واقعات ملک بھر میں ہو رہے ہیں ،ْایسے واقعات کی روک تھام کے لئے پارلیمنٹ کو کام کرنا چاہئے۔ وہ پیر کو سینٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر سحر کامران کی ملک میں بچوں کے اغواء، جنسی زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹ رہے تھے ۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اس سلسلے میں نصاب تشکیل دیں اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا کے کردار کو اہم حیثیت حاصل ہے ،ْزینب قتل کیس میں میڈیا کا کردار اہم رہا ہے جس کے باعث ملزم عمران پکڑا گیا اور اس کو سزا ملی۔ نجی ٹی وی چینلوں کو عوامی پیغامات کے لئے مختص وقت میں آگاہی کے لئے کام کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی سفارشات کے لئے کمیٹی بنائی ہے۔

تفتیش کا سائنسی انداز اور قوانین کا موثر استعمال ناگزیر ہے۔ فرانزک لیبارٹری لاہور میں موجود ہے، پشاور میں بیٹی سے زیادتی ہوتی ہے تو اس کا فرانزک ٹیسٹ لاہور میں ہوتا ہے۔ ہمیں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے ایک دوسرے سے سیکھنا چاہئے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ملنے والے اختیارات کا احتساب بھی کرنا چاہئے کہ انہوں نے اپنی استعداد کار میں اضافہ کیلئے کیا کیا ہے۔ قرارداد پر سینیٹر سحر کامران، طاہر حسین مشہدی، سراج الحق، تنویر الحق تھانوی، عثمان کاکڑ، کلثوم پروین، حافظ حمد الله اور دیگر ارکان نے اظہار خیال کیا۔