آئندہ الیکشن میں کراچی کی سیاست بھتہ خور مافیا سے آذاد ہو جائے گی،شاہ محمد اویس نورانی

ججز عدالتی فیصلوں پر تنقید کو توہین نہ سمجھیں، راہنماء جمعیت علماء

پیر 19 فروری 2018 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی روحانی پیشوا سے شادی کر کے روحانیت کو بدنام کیا ہے۔ ججز عدالتی فیصلوں پر تنقید کو توہین نہ سمجھیں۔ دنیا بھر میں عدالتی فیصلوں پر تنقید ہوتی ہے۔ آئندہ الیکشن میں کراچی کی سیاست بھتہ خور مافیا سے آذاد ہو جائے گی۔

پاکستان مسلم ممالک کے باہمی تنازعات میں ثالث کا کردار کرے۔ مسلم ممالک کو آپس میں لڑا کر کمزور کیا جا رہا ہے۔ کشمیر، فلسطین اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ عالمگیر غلبہ اسلام کے لئے عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے۔ سامراجی طاقتیں مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ایران کا چاہ بہار بندرگاہ بھارت کو لیز پر دینا تشویشناک معاملہ ہے۔ بھارت نے ہر محاذ پر پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔ بھارت کی پاکستان مخالف سازشوں کا تقاضا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت متحد اور یکسو ہو جائے۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ سیاسی مقدمات کی وجہ سے عدلیہ متنازعہ ہوئی ہے۔ عدالتی نظام پر کئی سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔ عدالتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماتحت عدالتوں میں کرپشن کی داستانیں عام ہیں۔ 2018 کے الیکشن میں دینی جماعتوں کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔

متعلقہ عنوان :