تعلیم ہی قومی ترقی کی بنیاد ہے، پاکستان کے نوجوان قابلیت ،صلاحیتوں میں کسی سے پیچھے نہیں، سید رضا علی گیلانی

حکومت پنجاب نے فروغ تعلیم کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں ،مستحق طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پنجاب انڈولمنٹ فنڈز کے تحت دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں حصول تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ،وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب

پیر 19 فروری 2018 22:47

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ تعلیم ہی قومی ترقی کی بنیاد ہے، پاکستان کے نوجوان قابلیت اور صلاحیتوں میں کسی سے پیچھے نہیں، حکومت پنجاب خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فروغ تعلیم کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں اور مستحق و ہونہار طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پنجاب انڈولمنٹ فنڈز کے تحت دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں حصول تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ان تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے یہ بات شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں وزیر اعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلباء و طالبات میںلیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ارکان پارلیمنٹ چوہدری محمد عمر جعفر، سردار رئیس محبوب احمد، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)بابر سلیمان، ڈائرکٹر کالجز محمود الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، اسسٹنٹ کمشنر اعتزاز انجم سمیت پروفیسرز، سربراہان کالجز، والدین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ حکومت، اساتذہ، والدین اور طلباء و طالبات کی محنت و مشترکہ کاوشوں سے اس وقت ملک میں شرح خواندگی کا معیار بلند ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے فروغ تعلیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں اور وہ اس عزم کے ساتھ مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں کہ یہ طلباء و طالبات قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور قابلیت و صلاحیتوں کی بل بوتے پر ایمانداری اور جذبے کے ساتھ فرائض سر انجام دے کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی سہولیات عام ہونے سے اس وقت دیہی اور شہری علاقوں میں بچے حصول علم کی طرف راغب ہو رہے ہیں اور ہائر ایجوکیشن میں ہماری کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے لیکن دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مزید محنت کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت تیز ی سے تعلیمی اداروں کی تعداد اور کوالٹی ایجوکیشن میں اضافہ کر رہی ہے۔اساتذہ کو جدید علوم سے روشناس کرانے کیلئے پہلے مرحلہ پر فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے جہاں پر دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کے لیکچرارز ہماری فیکلٹی کو تربیت دینگے جس کے بعد اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی توجہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر مرکوز ہے او ریہ تب ہی ممکن ہے جب یہاں اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تمام کالجز میں جدید آئی ٹی اور سائنس لیب فراہم کی جا رہی ہیں ضلع رحیم یار خان میں18کالجز نئے بنائے گئے جبکہ 6کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی، شیخ زید میڈیکل کالج، خانپور کیڈٹ کالج، اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کیمپس کی اس ضلع میں موجودگی سے سے اس خطہ کی شر ح خواندگی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت روائتی تعلیم سے ہٹ کر نظریاتی تعلیم کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے تاکہ رٹہ سسٹم کا خاتمہ کرتے ہوئے طلبائ اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور امسال میٹرک امتحانات میں 10فیصد مارکس اسی مقصد کیلئے رکھے گئے تھے اور مجھے فخر ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات اس امتحان میں کامیاب رہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ ہونہار طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جس کے بعد وہ مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری محمد جعفر اقبال سے ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ گئے جہاں پر ایم پی اے محمد عمر جعفر، ایم پی اے سردار رئیس محبوب احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر اعتزاز انجم، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سمیت دیگر موجود تھے۔

صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی نے چوہدری محمد جعفر اقبال اور ان کے خاندان کی ملکی سیاست میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس گھرانہ سے ہمارا آبائو اجداد کا پرانا تعلق ہے جو مزید مستحکم ہو رہا ہے انہوں نے اس موقع پر باہمی سیاسی او رجماعتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔