Live Updates

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کا چرچا

حکومت کورم پورا نہ کر سکی جس کی وجہ سے اسپیکر نے اجلاس کل (منگل )صبح دس بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا

پیر 19 فروری 2018 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کا چرچا رہا ، حکومت کورم پورا نہ کر سکی جس کی وجہ سے اسپیکر نے اجلاس آج (منگل )صبح دس بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز اپنے مقررہ وقت دو بجے کی بجائی40منٹ کی تاخیر سے اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔

اجلاس کے آغاز پر ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے صوبائی وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری کی عدم موجودگی پر اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی دس منٹ کیلئے موخر کرنے کا حکم دیا ۔ صوبائی وزیر کے ایوان میں آنے پر اجلاس کی دوبارہ کارروائی کا آغاز ہوا ۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے رکن اسمبلی وحید گل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی آئی والوں کو عمران خان کی تیسری شادی کی مبارکباد دیتا ہوں ، دعا ہے کہ ان کی بقیہ زندگی خیر و عافیت سے گزرے ۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر کی جانب سے طویل جواب دینے پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی سے کہا کہ وزیر موصوف پوچھے گئے سوال کے بارے میں جواب دینے کی بجائے غیر متعلقہ باتیں کر کے وقت صائع کر رہے ہیں ۔ آصف محمود کے مطمئن نہ ہونے پر اسپیکر نے ان کا سوال قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے ایک ماہ میں جواب طلب کر لی ۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کے اپنے حلقے میں سیوریج سسٹم کی سکیم مکمل نہیں ہو سکی ۔

مجموعی طور پر1500سکیمیں بند پڑی تھیں لیکن حکومت نے ان پر کام کا آغاز کیا ہے اور 700سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ 200کے لئے اگلے مالی سال میں فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ڈاکٹر نوشین حامد کے ضمنی سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہایہ انتہائی غیر سنجیدہ سوال ہے میں اس کا جواب نہیں دے سکتا۔اگر سوال عجیب ہوتے ہیںتو جواب بھی عجیب ہوں گے ۔جس پر اپوزیشن کی خواتین نے صوبائی وزیر کے رویے کیخلاف احتجاج کیا۔

فائزہ ملک نے کہا صوبائی وزیر کا خواتین کے ساتھ پہلے بھی ایسا ہی رویہ رہا ہے جو انتہائی غیر سنجیدہ ہے ۔شنیلہ روتھ کے ضمنی سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا پارکوں میں شادی کی تقریبات پر پابندی ہے تاہم بعض پارکوں میں اس کی اجازت ہے ۔سفارش پر بھی اجازت دیدی جاتی ہے۔ آپ کے لیڈر نے تیسری شادی کرلی ہے انہیںمبارکباد دیتے ہیں بلکہ اب تو سب اراکین کو چار ،چار شادیاں کرلینی چاہئیں۔

جس پر پی ٹی آئی کے اراکین طیش میں آگئے اور شیخ خرم نے کہا آپ کے خادم اعلی نے پہلے ہی تین شادیاں کی ہوئی ہیں ،وزیر اعلی کو بھی چوتھی شادی کرلینی چاہیے۔وقفہ سوالا ت کے بعد اسپیکر نے نبیلہ حاکم اور ڈاکٹر مراد راس کی تحاریک التوائے کار پرایک ہفتے میں جواب طلب کرلیے۔ ڈاکٹر نوشین حامد کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ کے قتل کے خلاف پڑھے گئے توجہ دلا نوٹس پروزیر قانون کی عدم موجودگی پر جمعرات تک جواب طلب کرلیا۔

پی ٹی آئی کی رکن نبیلہ حاکم علی کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی جس پر اسپیکر نے پانچ منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا اور دوبارہ گنتی پر حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس آج منگل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات