پاکستان بنانے والوں نے ہمت نہیں ہاری تھی ہمیں بھی نئے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے، وسیم اختر

کراچی میں رہنے والے تمام علاقوں کو ترقی کے ثمرات ملنے چاہئیں،جتنے بھی وسائل ہیں شہر پر خرچ کریں گے،میئرکراچی

پیر 19 فروری 2018 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے والوں نے ہمت نہیں ہاری تھی ہمیں بھی ایک نئے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے،پاکستان پھر سے تعمیر ہورہا ہے، نئی نسل اس کی حفاظت کرے،کراچی میں رہنے والے تمام علاقوں کو ترقی کے ثمرات ملنے چاہئیں،منتخب نمائندے شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشاں ہیں،جتنے بھی وسائل ہیں شہر پر خرچ کریں گے،یہ بات انہوں نے ناصر کالونی UC-36 میں گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز اسکول کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلدیہ کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، وائس چیئرمین عبدالرئوف، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، کچی آبادی کمیٹی کے چیئرمین سعد بن جعفر،ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انوراور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ ناصر کالونی میں اسکول کی تزئین و آرائش پر 2کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں،32-E، ناصر کالونی کے مکینوں کو اسکول کی از سر نو تعمیر سے اپنے علاقے میں بہتر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی،انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے اسکول کو صاف ستھرا رکھیں اور اطراف میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ اس علاقے کو سرسبز اور دلکش بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ شہر کے وسطی علاقوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے مضافاتی علاقوں اور کچی آبادیوں کی ترقی کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاکہ شہر کے تمام علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو یکساں سہولیات میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں ماں باپ کے بعد اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے،بچوں کی پہلی تربیت گاہ ماں کی گود ہوتی ہے،علم کے بغیر ترقی ناممکن ہے لہٰذا طلبہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور ساتھ ساتھ صحت مند غیرنصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے ہر علاقے میں موجود اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بہتر سے بہتر بنائیں اور اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر تعلیمی انفراسٹرکچر چھوڑ کر جائیں، شہر کی آبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے موجودہ اسکولوں کی عمارتوں کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ نئے اسکول قائم کرنے کی بھی ضرورت ہے جس میں نجی شعبہ خاص طور پر بزنس کمیونٹی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور ان کی پوری کوشش ہے کہ ان کے علاقے میں جتنے بھی مسائل ہیں جلد از جلد حل ہوں ، ہم سب کو مل جل کر اپنے شہر کو صاف ستھرا اور مسائل سے پاک بنانا ہے ، ہر فرد اپنی ذمہ داری محسوس کرے گا تو معاشرے میں بہتری آئے گی اور ہم ترقی کے سفر پر گامزن رہیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع کورنگی کراچی کا اہم ترین علاقہ ہے جہاں متعدد صنعتی و کاروباری ادارے قائم ہیں اور جہاں سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے، کورنگی کے مکینوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بلدیہ کورنگی کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر بہتر ہو رہا ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور شہریوں کے تعاون سے ہم ضرور ایک دن اپنے دیرینہ مسائل سے چھٹکارہ پا لیں گے۔

#

متعلقہ عنوان :