آر ایچ کیو میں خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

خانیوال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو اور متعدد ریلوے اسٹیشنوں کے امپروومنٹ پلان کی منظوری

پیر 19 فروری 2018 22:33

آر ایچ کیو میں خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے خانیوال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ پشاور، راولپنڈی اور لاہور ریلوے اسٹیشنوں کی ضروری مرمت، تزئین و آرائش پر مشتمل امپروومنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے جبکہ بہاولپور ریلوے اسٹیشن کے باہر سڑک کو پنجاب حکومت کے تعاون سے کشادہ کیا جائے گا۔

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش اگلے ماہ شروع ہو جائے گی۔راولپنڈی اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے کام میں فرنٹ ہال کا نیا خوبصورت فرش بنایا جائے گا، تمام نئی لائٹس لگائی جائیں گی اور چھتوں کی مرمت کی جائے گی۔ یہ پراجیکٹ جون تک مکمل ہو جائے گا۔ آر ایچ کیو میں وفاقی وزیر ریلویز کو نیسپاک حکام کی طرف سے بریفنگ میں خانیوال ریلوے اسٹیشن کے ساڑھے تیرہ ہزار مربع فٹ پر روایتی اور جدید طرز تعمیر کے علیحدہ علیحدہ پانچ مجوزہ ڈیزائن پیش کئے گئے، وزیر ریلویز نے ہدایت کی کہ نیسپاک اگلے دس روز میں مزید بہتر ڈیزائن بنا کے پیش کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ پچاس ملین سے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن کی امپروومنٹ بھی کی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی کینٹ، حیدر آباد، روہڑی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشنوں کے امپروومنٹ پلان تیار کر کے انہیں اگلے ہفتے بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی سیکشن پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ یوسف والا ریلوے اسٹیشن کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔

وزیر ریلویز نے اطمینان کا اظہار کیا کہ انگریز کے دور کے بعد پہلی مرتبہ ریلوے اسٹیشنوں اور انفراسٹرکچر کی معیاری تعمیر کا کام ہو رہا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں میں بچت اور معیار کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، مشیر وزارت ریلویز انجم پرویز، اے جی ایم ٹریفک عبدالحمید رازی، ممبر فنانس فیصل اسماعیلی، چیف انجینئراوپن لائن ظفر اللہ کلوڑ، ایف اے اینڈ سی اے اوڈاکٹرمحمدسعید، ڈی ایس لاہور سفیان ڈوگر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :