پی ایس پی استحکام پاکستان کیلئے سرگرم ہے،الطاف شاہد

مصطفی کمال نے اپنے جانثارکارکنان کووطن پرستی اوراخلاقیات کادرس دیا ،صدر پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ

پیر 19 فروری 2018 22:15

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ پی ایس پی استحکام پاکستان کیلئے سرگرم ہے،مصطفی کمال کی قیادت میں ہم سماجی برائیوں کاراستہ روک دینگے۔مصطفی کمال نے اپنے جانثارکارکنان کووطن پرستی اوراخلاقیات کادرس دیا ۔پی ایس پی کی قیادت حکمرانوں کوقومی اقدارپرسمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

آئندہ عام انتخابات میںمصطفی کمال وزیراعظم منتخب ہوں گے اورپاکستان ٹیک آف کی پوزیشن میں آجائے گا۔مصطفی کمال کے سواکوئی لیڈر کشکول نہیںتوڑسکتا،قوم کوخودداری کاراستہ خودانحصاری سے ہوکرگزرتا ہے۔وہ مقامی ہوٹل میں ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیروترقی سے کئی ملک مستفیدہوں گے، ہماری سنجیدہ قیادت مقامی وبیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں پائیدارامن اوراس کے روشن مستقبل کاراستہ پاکستان سے ہوکرجاتا ہے،افغانستان میں بھارت کی موجودگی میںپائیدارامن بحال نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مداخلت کرنیوالے اپنے مذموم ارادوں میں ہرگزکامیاب نہیں ہوں گے۔ہماراکوئی پڑوسی ملک کسی دوسری ریاست کے پیچھے چھپ کرپاکستان کوبلیک میل یامرعوب نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قیام امن کیلئے عالمی ضمیر کے ساتھ کھڑا ہے ، مصطفی کمال وزیراعظم منتخب ہوں گے توان کی دورر س داخلی وخارجی اصلاحات کے سبب آنیوالے دنوں میں پاکستان کی سیاسی ،سفارتی اوردفاعی اہمیت مزید بڑھ جائے گی ۔مصطفی کمال پاکستان کے قومی اداروں اورمنتخب ایوانوں میں کاہل، کام چوراوربدعنوان عناصر کاوجودبرداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بے رحم اوربلاامتیازاحتساب ہماری قیادت کا وعدہ اورارادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کاہرتعمیراتی منصوبہ جہاں شفافیت کاآئینہ دارہوگا وہاں فن تعمیر کے اعتبار سے بھی ایک حسین شاہکار ہوگا۔ہماری قیادت نے آج تک تعمیراتی منصوبوں کے معیاراوران کی رفتارپرسمجھوتہ نہیں کیا،شہرکراچی اس حقیقت کاغماز ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے سواکسی جماعت میں احتساب کاخودکارنظام رائج نہیں۔ ہماری قیادت سرزمین پاک سے بدعنوانی کی بدصورتی صاف کردے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوہرسائل کواس کی دہلیزپربروقت انصاف ملے گا۔