وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب خان عباسی کی ملاقات،

لودھراں کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی لودھراں کا ضمنی الیکشن منفی سیاست کرنے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے ، عوام نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پربھر پور اعتمادکا اظہار کیاہے، ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر امانت،دیانت،خدمت اورشفافیت کو فتح ملی ہے، ملک کی خوشحالی اورعوام کی ترقی کے مخالفین سیاسی طورپر تنہا ہوچکے ہیں، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی گفتگو پنجاب کے عوام شہبازشریف کیساتھ دل سے محبت کرتے ہیں، سردار مہتاب عباسی

پیر 19 فروری 2018 21:59

وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سوموار کو وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب خان عباسی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اورملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ سردار مہتاب خان عباسی نے این اے 154لودھراں کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباددی۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کا ضمنی الیکشن منفی سیاست کرنے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے او رلودھراں کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پربھر پور اعتمادکا اظہار کیاہے۔انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر امانت،دیانت،خدمت اورشفافیت کو فتح ملی ہے۔

(جاری ہے)

دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیاہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور ملک کی خوشحالی اورعوام کی ترقی کے مخالفین سیاسی طورپر تنہا ہوچکے ہیں۔

دھرنا اورلاک ڈاؤن کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔’’میں ‘‘کی روش اختیار کرنے والوں نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا۔سردار مہتاب خان عباسی نے اس موقع بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی بے پناہ خدمت کی ہے اور پنجاب کے عوام شہبازشریف کیساتھ دل سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پنجاب کی ترقی کی مثالیں ہر جگہ دی جارہی ہیں۔