سینیٹر سراج الحق کا چار ملکی فٹ سال ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ

پیر 19 فروری 2018 21:57

سینیٹر سراج الحق کا چار ملکی فٹ سال ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) اسلام آباد میں پاکستان ، ترکی ، برازیل اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے چار ملکی فٹ سال ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عشائیہ دیا جس میں ترک سفیر مصطفی یرداکل Mustafa Yardakul اور برازیل کے نائب سفیر Fabio Meueghetti Chaves نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے تعارف بھی کروایا گیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیر بھی موجود تھے ۔ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری انسانیت اور مخلوق اللہ کا کنبہ اور ایک انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہے ۔ حکومتوں اور ممالک کو چاہیے کہ وہ جنگوں کی بجائے اپنے عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے مختلف کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کریں جن سے مختلف ملکوں میں بسنے والے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے صحت مند ماحول اور مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے جس سے انسانوں کے درمیان اخوت و محبت بڑھتی ہے ۔ ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی ہوتی ہے اور باہمی عزت و احترام کے رشتے پروان چڑھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسلام دنیا بھر کے انسانوں کو محبت کی لڑی میں پرو کر ان کے درمیان نفرتوں کی آگ کو بجھانا چاہتاہے ۔ اگر مختلف ممالک کے لوگ ان مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے درمیان امن کو فروغ دیں تو عالمی امن کے قیام اور جنگ و جدل کے خاتمہ کے لیے نہایت موثر ثابت ہوسکتاہے ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف سے چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو فٹ بال کے تحائف بھی دیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :