پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ کے مین کوریڈور اور فیڈنگ روٹس پر کام کی رفتارمزید تیز کی جائے،پرویزخٹک

پیر 19 فروری 2018 21:54

پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ کے مین کوریڈور اور فیڈنگ روٹس پر کام کی رفتارمزید ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ کے مین کوریڈور اور فیڈنگ روٹس پر کام کی رفتارمزید تیز کی جائے۔ انہوںنے بی آر ٹی کوریڈورکیلئے درکار بسوں کی بروقت دستیابی اور زیر تعمیر نکاس کے نظام کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کی ہدایت بھی کی ۔

انہوںنے یہ بھی ہدایت کی کہ پیر زکوڑی پل کی توسیع کی منصوبہ بندی مستقبل کی ضروریات کے مطابق کی جائے نیز پل کے ڈیزائن میں مزید توسیع کی گنجائش بھی رکھی جائے تاکہ مستقبل میں ٹریفک مسائل پیدا ہونے پر صورتحال سے خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹا جائے ۔انہوںنے پشاور میں دیگر مختلف سڑکوں پر تعمیراتی کام کو بھی پوری تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اسی طرح انہوںنے نوشہرہ کی خوبصورتی کاکام بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیا جس میں جہانگیرہ، نوشہرہ ، اکوڑہ خٹک کی شاہراہوں اور بازاروں میں ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب، جہانگیرہ اور اکوڑہ خٹک میں عوامی لیٹرین کی تعمیر اوردیگر سڑکوں اور فٹ پاتھ کی تکمیل شامل ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاو رمیں نوشہرہ کی خوبصورتی اور پشار بس ریپڈ ٹرانزٹ پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے۔

جس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میان جمشید الدین کاکا خیل، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمن، ڈائریکٹر جنرل پشاور ترقیاتی ادارہ ، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، نائب ناظم نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اس موقع پر اجلا س کو نوشہرہ، اکوڑہ خٹک اور جہانگیرہ میں شاہراہوں کے اطراف میں شجر کاری اور تزئین و آرائش پر جاری کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو تارو جبہ ، پبی سٹیشن اور چراٹ روڈ پر خوبصورتی پلان کے ضمن میں مہیا کی جانے والی مختلف سہولیات کی فراہمی پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو نوشہرہ اور پشاور کی خوبصورتی پر کام کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی نیز بس ریپڈ ٹرانزٹ پر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوریڈور کے راستوں میں آنے والے نکاس کے نظام، مین کوریڈور اور فیڈنگ روٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے کیونکہ ان مقامات پر شہریوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہے جن کا ازالہ کام کی بروقت تکمیل سے ممکن ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اس منصوبے کی منفرد خصوصیات ہیں اور اس کی تکمیل سے اندرون شہر ٹریفک کے تمام مسائل کا مکمل طور پر حل نکل آئے گا۔انہوںنے کہاکہ اس منصوبے کے ہنگامی بنیادو ںپر آغاز کی کئی وجوہات ہیں جن میں ایک سی پیک کے تناظر میں یہاں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا آغاز بھی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پشاور سمیت صوبے کے پانچ اضلاع کو ریل کے ذریعے ملانا بھی اُن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جسے سی پیک میں شامل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح سی پیک کے تحت پورے صوبے کو سڑکوں کے نیٹ ورک سے جوڑنا بھی صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں مواصلات کی بہتر سہولیات سے ہی صوبے کی معاشی اور صنعتی ترقی وابستہ ہے اور یہی ہمارا ویژن ہے ۔ پرویز خٹک نے نوشہرہ کی خوبصورتی کا منصوبہ بھی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی جس میں ارکان اسمبلی کی مشاورت سے شاہراہوں کے اطراف میں شجرکاری ، لینڈ سکیپنگ ، ایل ای ڈی لائٹس اور مختلف چوراہوں کی ری ڈیزائننگ شامل ہے ۔انہوںنے واضح کیاکہ ان سکیموں پر فنڈز کا استعمال شفاف ہونا چاہیئے اور منصوبوں کی تیز رفتاری کے ساتھ تکمیل ہونی چاہیئے تاکہ عوام اُن کے ثمرات سے بروقت مستفید ہوں۔

متعلقہ عنوان :