وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم یوتھ پروگرام کی مختلف سکیموں پر اطمینان کا اظہار

2013ئ میں شروع کردہ یوتھ پروگرام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات کا عکاس ہے ، اجلاس سے خطاب وزیراعظم کی یوتھ بزنس قرضہ سکیم کے تحت اب تک تعلیم یافتہ اور ہنرمند مرد و خواتین نوجوانوں میں 22 ارب روپے مالیت کے تقریباً 22 ہزار قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں، لیلی خان کی وزیراعظم کو بریفنگ

پیر 19 فروری 2018 21:33

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم یوتھ پروگرام کی مختلف سکیموں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی مختلف سکیموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2013ئ میں شروع کردہ یوتھ پروگرام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات کا عکاس ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو معاشرہ کا مفید ترین اثاثہ بنانا ہے تاکہ وہ ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون کردار ادا کر سکیں۔

وہ پیر کو وزیراعظم آفس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے دور ان اظہار خیال کررہے تھے۔ وزیراعظم پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے وزیراعظم کو پروگرام کی مختلف سکیموں کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک کامیاب اقدام ہے جیسا کہ اس کی 6 سکیموں کے تحت مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد افراد اب تک مستفید ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

لیلیٰ خان نے بتایا کہ وزیراعظم کی یوتھ بزنس قرضہ سکیم کے تحت اب تک تعلیم یافتہ اور ہنرمند مرد و خواتین نوجوانوں میں 22 ارب روپے مالیت کے تقریباً 22 ہزار قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں تاکہ ملک میں کاروبار کے کلچر کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری نوجوان نہ صرف کامیابی کے ساتھ اپنے کاروبار چلا رہے ہیں بلکہ کئی دیگر نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت قرضہ کی واپسی کی شرح 91 فیصد ہے جو چھوٹے اور درمیانے حجم کے شعبہ کی فنانسنگ میں بلند ترین ہے اور یہ اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعظم کی بلاسود قرضہ سکیم کے تحت اب تک ملک کے غریب ترین طبقہ میں ساڑھے 9 ارب روپے مالیت کے 4 لاکھ بلاسود قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں سے مستفید ہونے والوں میں 64 فیصد خواتین ہیں جبکہ قرضہ کی مجموعی واپسی کی شرح 99 فیصد ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے 64 ہزار سے زائد افراد نے بھی سکیم کے تحت بلاسود قرضے حاصل کرکے اپنے کاروبار چلانا شروع کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم کے یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو ملک بھر میں 100 مختلف پیشہ وارانہ شعبوں میں تربیت دی گئی ہے جبکہ 2018ئ کے اختتام تک ایک لاکھ سے زائد مزید نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔

وزیراعظم کی فیس واپسی سکیم کے تحت کم ترقی یافتہ علاقہ کے 2 لاکھ 27 ہزار سے زائد یونیورسٹی طالب علموں کو ادائیگی کی گئی جس سے یونیورسٹی داخلوں میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم کی یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ملک بھر میں ذہین یونیورسٹی طالب علموں میں 3 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ مزید ’’میڈ ان پاکستان‘‘ لیپ ٹاپ 2018ئ کے آخر تک تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کی یوتھ ٹریننگ سکیم کے تحت 55 ہزار سے زائد انٹرنز کو اب تک 4900 سے زائد سرکاری اور نجی شعبہ کے اداروں میں لگایا گیا ہے۔