نجی شعبے کی شمولیت سے سرکاری سکولوں کو جدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی ،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد کے 75لڑکیوں کے سکولوں کو جدید انفارمیشن کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایاجائیگا، کمپیوٹرز لیب قائم کی جائیں گی ،خطاب

پیر 19 فروری 2018 21:33

نجی شعبے کی شمولیت سے سرکاری سکولوں کو جدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نجی شعبے کی شمولیت سے سرکاری سکولوں کو جدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ پیر کو جاز سمارٹ سکولز پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس پروگرام کے تحت وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام 75 لڑکیوں کے سکولوں کو جدید ٹیکنالوجی ہم آہنگ بنایا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ نجی شعبہ کی تعلیم کے شعبے میں دلچسپی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔اس پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت کے 75لڑکیوں کے سکولوں کو جدید انفارمیشن کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایاجائے گا، ان میں کمپیوٹرز لیب قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت کے 422سکولوں کو اپ گریڈ کیاگیا اور اساتذہ کو بھی ریفریشر کورسز کرائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے شروع کئے گئے تعلیم اصلاحات پروگرام کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور اس سال تعلیمی بورڈز کے امتحانات میں پانچویں، آٹھویں اور دسویں جماعت کی تمام پہلی پوزیشنیں فیڈرل بورڈ کے سکول کے طالبات نے حاصل کیں۔ انہوں نے کہاکہ نجی سکول جو بھاری فیسیں لیتے ہیں اپنے آپ کو ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنائے رکھتے ہیں تاہم سرکاری سکول روایتی طریقوں پر ہی کام چلا رہے تھے لیکن اب ہم نے ان کو پڑھانے کے جدید طریقوں سے ہم آہنگ کرانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں بچیوں کے 200سکولوں میں جدید آئی لیبز بنائی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی نظامت تعلیمات کے حسنات قریشی نے کہاکہ اس پروگرام سے سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مزید مدد ملے گی۔ سرکاری سکولوں میں بھی تمام جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ اس کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور معاون عملے کو تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوںنے اساتذہ کے معاون عملے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ دلجمی کے ساتھ اپنے آپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگبنانے کے لئے ریفریشر کورسز میں حصہ لیں کیونکہ یہ ان کے اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لئے بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نجی ٹیلی کام کمپنی جاز کا تعلیمی پروگرام شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ جاز سمارٹ سکولز کے تحت وفاقی درالحکومت کے 75 سکولوں کو لیا گیا ہے۔ تمام سکول طالبات کے ہیں جس میں 300اساتذہ کو تربیت دی جائے گی اور اس سے 20ہزار سے زائد طالبات مستفید ہوں گی۔ اس موقع پر جازسمارٹ سکولز کے دائرہ کو بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :