کراچی،ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد گروپ نے کامران ٹیسوری سمیت 9امیدوارسینیٹ انتخابات سے دستبردار کرالیے

دستبردار ہونے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ پی آئی بی گروپ کے کامران ٹیسوری بھی شامل ہیں

پیر 19 فروری 2018 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد گروپ نے کامران ٹیسوری سمیت 9امیدوارسینیٹ انتخابات سے دستبردار کرالیے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ نے سینیٹ انتخابات کیلئے نامزد امیدواران میں سے 9امیدوار دستبردار کرالئے ہیں ۔دستبردار ہونے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ پی آئی بی گروپ کے کامران ٹیسوری بھی شامل ہیں ۔

دستبرداری کا یہ عمل اس وقت سامنے آیا ہے جب ایم کیو ایم بہادرآباد کی جانب سے 9امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا۔خط پر ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کے دستخط موجود تھے ۔جن امیدواروں کے کاغذات نامزددگی واپس لئے گئے ہیں ان میں کامران ٹیسوری ،کشور زہرہ، فرحان چشتی، احمد چنائے، جسٹس حسن فیروز، علی رضا عابدی، منگلہ شرما، نگہت شکیل اور امین الحق شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ پہلے ہی سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوچکی ہے ۔اس طرح ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے نامزد کردہ امیدوار ہی ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔سینیٹ انتخابات کیلئے حتمی نامزدگی حاصل کرنے والوں میں جنرل نشست کے لیے بیرسٹر فروغ نسیم اور عامر چشتی جبکہ خواتین کی نشست کے لیے نسرین جلیل، ٹیکنوکریٹ نشست کے لیے عبدالقادر خانزادہ اور اقلیتی امیدوار کے طور پر سنجے پروانی شامل ہیں۔#