پی ایس ایل فائنل:صوبائی وزیر داخلہ کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس

کراچی میں ہونے والے میچ کے لئے جامع ، مربوط حکمت عملی کے تحت تمام سیکورٹی اداروں، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیکر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں، بریفنگ

پیر 19 فروری 2018 21:06

پی ایس ایل فائنل:صوبائی وزیر داخلہ کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچ کی سیکورٹی سے متعلق اعلی سطحی اجلاس میں سیکرٹری داخلہ سندھ،آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیر داخلہ سندھ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچ کے لئے جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت تمام سیکورٹی اداروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیکر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں جسکے تحت ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی ہوٹل تا اسٹیڈیم آمد اور واپسی کے تمام پروگرامز کے سیکیورٹی امورکو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فائنل میچ کا انعقادباعث مسرت اوراعزاز ہے لہٰذا چیئرمین پا کستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات کی روشنی میں سیکورٹی اور تمام کھلاڑیوں سمیت اسپورٹس آفیشلز کی حفاظتی اقدامات کو ہر سطح پر غیرمعمولی بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

سہیل انور خان سیال نے بطور خاص کہا کہ کراچی شہر کو اس کی رونقیں واپس لوٹانے اور ملک گیر سطح پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لئے یہ ایونٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنی عوام کو جرائم سے محفوظ اور صحت مندانہ سرگرمیوں پر مشتمل معاشرے کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔#

متعلقہ عنوان :