وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر روس کا چار روزہ دورہ کریں گے

ماسکو میں باضابطہ مذاکرات، علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

پیر 19 فروری 2018 20:25

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر روس کا چار روزہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اپنے روسی ہم منصب سرگئی لائوروف کی دعوت پر 19 سے 22 فروری تک روسی فیڈریشن کا دورہ کریں گے۔ ماسکو میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ اپنے روسی ہم منصب سے باضابطہ مذاکرات کریں گے۔ دونوں اطراف سے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ کا یہ دورہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کے طریقے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ روس کو ہماری خارجہ پالیسی میں خصوصی مقام حاصل ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات تمام شعبوں میں بتدریج فروغ پا رہے ہیں۔

گزشتہ چند برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے باقاعدہ تبادلے، سیاسی خیر سگالی روابط کو ٹھوس اور کثیر الجہتی شراکت داری میں ڈھالنے کی دوطرفہ خواہش کے غماز ہیں۔ دونوں ممالک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس سے قبل ستمبر 2017 میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔۔

متعلقہ عنوان :