این ڈی ایم اے قومی حکمت عملی مرتب کر رہا ہے‘ ممبر آپریشن این ڈی ایم اے برگیڈیئر مختار احمد

پیر 19 فروری 2018 19:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) ممبر آپریشن این ڈی ایم اے برگیڈیئر مختار احمد نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے قومی حکمت عملی مرتب کر رہا ہے جس کے ذریعے تجربہ کار ماہرین اور رضاکار افراد کو قومی سطح پر ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد میں نیشنل ہیومینٹیرین نیٹ ورک (این ایچ این) اور ایکشن ایڈ پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹي (این ڈی ایم ای) کی قیادت میں 19 تا 22 فروری ئ2018ء کو چار روزہ تربیتی کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر کیا۔

اس ورکشاپ کا مقصد قومی لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے علاقائی سطح پر آفات سے نمٹنے کیلئے انتظام کو مؤثر اور مستحکم بنانا ہے۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس ٹیم کی تشکیل کیلئے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی مدد سے تمام تکنینی وسائل اور افرادی قوت کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ ٹیم نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی امدادی کارروائیوں اور امدادی سامان کی ترسیل میں معاونت فراہم کریں گی۔ ان تربیتی مشقوں کے ذریعے نہ صرف اہلکاروں اور رضاکارو ں کے صلاحیتی دائرہ کار کو بڑھانے کا موقع ملے گا بلکہ علاقائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر تجربات کے تبادلہ کا موقع بھی ملے گااور ہنگامی صورتحال میں امدادی کاروائیوں کے دوران دستیاب وسائل کی تقسیم و ترسیل کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔