سینیٹ نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین بل ،ْجداری قوانین2018کی منظوری

انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل (انسداد دہشت گردی ترمیمی) بل 2017ء بھی منظور کرلیا فاٹا میں عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا عمل روکنے اور 2018ء کے انتخابات پچھلی حلقہ بندیوں کے مطابق کرانے کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی گئی ارکان پارلیمنٹ کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جانے چاہئیں،سینیٹر ستارہ ایاز الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں سے متعلق ابتدائی فہرست 28 فروری کو شائع کر دے گا، شیخ آفتاب احمد

پیر 19 فروری 2018 19:28

سینیٹ نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین بل ،ْجداری قوانین2018کی منظوری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) سینیٹ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین بل 2018ء ،ْ جداری قوانین (ترمیمی) بل 2018ء اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل (انسداد دہشت گردی ترمیمی) بل 2017ء کی منظوردیدی ۔ پیر کو سینیٹر محسن لغاری نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین بل 2018ء قومی اسمبلی سے منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔

ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی جس کے بعد چیئرمین نے بل شق وار منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینیٹ نے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیلوں دادک اور کنگری میں نیشنل بینک کی شاخیں قائم کرنے کے حوالے سے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینیٹر اعظم موسیٰ خیل نے قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

اجلاس کے دور ان سینیٹ نے سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے بہتر آگاہی کے لئے چینی زبان کی حوصلہ افزائی کے لئے قرارداد کی منظوری دے دی اس سلسلے میں سینیٹر خالدہ پروین نے قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینیٹ نے فاٹا میں عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا عمل روکنے اور 2018ء کے انتخابات پچھلی حلقہ بندیوں کے مطابق کرانے کے حوالے سے قرارداد کی منظوری دے دی اس سلسلے میں سینیٹر سجاد حسین طوری نے قرارداد پیش کی جس پر قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، فرحت الله بابر، اعظم موسیٰ خیل، عثمان کاکڑ، مومن خان آفریدی، میر کبیر شاہی اور دیگر ارکان نے اظہار خیال کیا اور انہوں نے کہا کہ فاٹا سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد اس وقت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مقیم ہیں اس لئے وہاں پر حلقہ بندیوں کا عمل روکنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے قرارداد کی مخالفت کی اور کہا کہ اس وقت الیکشن کمیشن پورے ملک میں حلقہ بندیاں کر رہا ہے۔ آبادی کی بنیاد پر ہونے والی ان حلقہ بندیوں میں مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق فاٹا کی نشستیں کم ہونا تھیں لیکن ہم نے انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد چیئرمین نے قرارداد منظوری کے لئے ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔

اجلاس کے دور ان فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2018ء کی منظوری دے دی گئی سینیٹر کریم خواجہ نے قرارداد پیش کی کہ فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2018ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی جس کے بعد چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا۔اجلا س میں سینیٹ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل (انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2017ء منظور کرلیا اس حوالے سے سینیٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور مختیار احمد دھامرہ نے تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دی دی جس کے بعد چیئرمین نے بل کی شق وار منظوری حاصل کی۔

اجلا س کے دور ان فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دے دی گئی ۔ سینیٹر سراج الحق نے تحریک پیش کی کہ تعزیرات پاکستان 1860ء اور مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل زیر غور لایا جائے۔ ایوان بالا نے بل کی منظوری دے دی۔اجلاس کے دور ان سینیٹ میں دستور (ترمیمی) بل 2018ء پیش کرنے کا معاملہ نمٹا دیا گیا اس سلسلے میں سینیٹر حافظ حمد الله کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا لیکن محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسے نمٹا دیا گیا۔

اجلاس کے دور ان سینیٹ میں اسلام آباد پیور فوڈ اتھارٹی بل 2018ء پیش کرنے کا معاملہ نمٹا دیا گیااس سلسلے میں سینیٹر اعظم سواتی کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا تاہم محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے معاملہ نمٹا دیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینیٹ میں ورکرز (ترمیمی) بل 2018ء پیش کرنے کا معاملہ موخر کر دیا گیااس سلسلے میں اعتزاز احسن اور دیگر ارکان کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا تاہم محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے معاملہ نمٹا دیا گیا۔

اجلا س کے دور ان اسلام آباد جنگلی حیات (محفوظ بنانے، تحفظ بچائو و انصرام) (ترمیمی) بل 2018ء پیش کرنے کا معاملہ نمٹا دیا گیا اس سلسلے میں سحر کامران کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا تاہم محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے معاملہ نمٹا دیا گیا۔سینیٹ میں انتخابات (ترمیمی) بل 2017ء واپس لینے کا معاملہ نمٹا دیا گیا اس حوالے سے سینیٹر اعظم سواتی کا بل بھی ایجنڈے میں شامل تھا تاہم محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسے نمٹا دیا گیا۔

اجلا س کے دور ان مخنث افراد (تحفظ حقوق) بل 2017ء سے متعلق فنکشنل کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی سینیٹر فرحت الله بابر نے اس سلسلے میں رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اجلاس کے دور ان سینیٹ میں اراکین پارلیمان (تنخواہیں و الائونسز) (ترمیمی) بل 2018ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیاسینیٹر ستارہ ایاز نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا جس کے بعد چیئرمین نے بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

اجلا کے دور ان عوامی نیشنل پارٹی کی سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے طریقہ کار میں ترمیم لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ریٹائرڈ سینیٹرز کو بھی فائدہ ہوگا۔اجلاس کے دور ان وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں سے متعلق ابتدائی فہرست 28 فروری کو شائع کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے لئے جو فارمولہ طے کیا گیا تھا اس کے مطابق فاٹا کی نشستیں کم ہونا تھیں لیکن کابینہ میں یہ فیصلہ ہوا کہ فاٹا کی نشستوں میں کمی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب مردم شماری کے نتائج کے مطابق حلقہ بندیوں کے معاملات طے پا چکے ہیں اور حلقہ بندیاں آبادی کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اس لئے اس وقت حلقہ بندیوں کو روکنا ممکن نہیں۔