لودھراں کا ضمنی الیکشن منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے،دھرنا اورلاک ڈاؤن کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے‘شہبازشریف

لودھراں کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پربھر پور اعتمادکا اظہار کیاہے ،امانت،دیانت،خدمت اورشفافیت کو فتح ملی ہے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی بے پناہ خدمت کی ہے، پنجاب کی ترقی کی مثالیں ہر جگہ دی جارہی ہیں‘سردار مہتاب عباسی

پیر 19 فروری 2018 19:12

لودھراں کا ضمنی الیکشن منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے،دھرنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب خان عباسی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اورملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ سردار مہتاب خان عباسی نے این اے 154لودھراں کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباددی ۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کا ضمنی الیکشن منفی سیاست کرنے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے او رلودھراں کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پربھر پور اعتمادکا اظہار کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر امانت،دیانت،خدمت اورشفافیت کو فتح ملی ہے۔

(جاری ہے)

دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور ملک کی خوشحالی اورعوام کی ترقی کے مخالفین سیاسی طورپر تنہا ہوچکے ہیں ۔

دھرنا اورلاک ڈاؤن کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ۔’’میں ‘‘کی روش اختیار کرنے والوں نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ۔سردار مہتاب خان عباسی نے اس موقع بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی بے پناہ خدمت کی ہے اور پنجاب کے عوام شہبازشریف کیساتھ دل سے محبت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج پنجاب کی ترقی کی مثالیں ہر جگہ دی جارہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :