منہاج یونیورسٹی لاہور کے فائونڈرڈاکٹر طاہر القادری کی 67 ویں سالگرہ پر خصوصی تقریب

ڈاکٹر طاہر القادری نے دین کی خدمت کے ساتھ انسانی خدمت کے بے مثال ادارے قائم کئے‘ڈاکٹر حسین محی الدین

پیر 19 فروری 2018 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سر پرست اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے فائونڈر،چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر طاہر القادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بے مثال تعلیمی ادارے قائم کئے۔

فروغ تعلیم اور فروغ امن کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد مغربی دنیا نے اسلام کو دہشتگردی کے داغ سے آلودہ کرنا چاہا اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا تو عالم اسلام کی واحد شخصیت ڈاکٹر طاہر القادری تھے جو پوری دنیا میں اسلام کا پر امن پیغام لے کر نکلے اور بتایا کہ اسلام اور پاکستان،امن کے علمبردار اوربذات خود دہشتگردی کا شکار ہیں ،تقریب میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد اسلم غوری،ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور،نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان،کرنل(ر) محمد مبشر، کرنل (ر) محمد احمد،یونیورسٹی کے لیکچررز ،پروفیسرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا،اس موقع پر طلباء اور مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی،تحقیقی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے صرف علمی ،تحقیقی کام تک خود کو محدود نہیں رکھا،انہوں نے فلاح عامہ اور مفاد عامہ میں بھی بے مثال ادارے قائم کئے۔

تعلیم کے شعبے میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت پاکستان بھر میں 650سے زائد سکولوں کا نیٹ ورک قائم کیا ۔ادارہ آغوش قائم کر کے بے سہارا یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت کا باوقار ماحول فراہم کیا۔اسی طرح منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان سمیت بیرونی دنیا میں بھی صاف پانی کی فراہمی اور مستحق طلبائو طالبات میں سکالر شپ کا اجرا کیا۔

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے پاس خوراک لے کر پہنچنے والی دنیا کی پہلی غیر سرکاری تنظیم منہاج ویلفیئر فائونڈیشن تھی۔انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں ،وسیلہ روزگار،فری میڈیکل کیمپس اور ایمبولینس کے منصوبے عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے انسانیت کی خدمت کے ادارے بنائے جن سے لاکھوں انسان مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فتویٰ شیخ الاسلام کی ایک ایسی دینی اور انسانی خدمت ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :