میاں میر ہسپتال میں 6روزہ ہفتہ صحت کیمپس کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوگیا

پیر 19 فروری 2018 18:02

لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے میاں میر ہسپتال میں 6روزہ ہفتہ صحت کیمپس کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا، ضلع لاہور میں تقریبا 1لاکھ سے زائد افراد کے مختلف ٹیسٹ کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، 19فروری سی24فروری تک تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں ، بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں بھی کیمپس لگائے گئے ہیں، ہفتہ صحت کے باقاعدہ آغاز کے بعد محکمہ صحت کے عملہ نے ہیپاٹائٹس بی ، سی ، شوگر اور ٹی بی کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے بتایا کہ ضلع لاہور میں تقریبا 1لاکھ سے زائد افراد کے مختلف ٹیسٹ کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پنجاب سمیت لاہور کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں، ٹیسٹ میں اگر کسی بیماری کی تشخیص ہوتی ہے تو اس شخص کا باقاعدہ علاج بھی شروع کیا جائیگا، سمیر احمد سید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹیسٹ و سکریننگ کی سہولت سے بھر پورفائدہ اٹھائیں اور یہ ٹیسٹ صبح 8بجے سے لیکر شام 4بجے تک مسلسل جاری رہینگے ۔