لڑکیوں کی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ،جعفرآباد میں درجنوں بند سکولوں کو فعال بنایا گیا ہے، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرجعفرآباد

پیر 19 فروری 2018 16:50

جعفرآباد۔ 19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالرحیم ناوڑا نے کہا ہے کہ بچیوں کو تعلیم دیئے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے ،جعفرآباد میں درجنوں بند سکولوں کو فعال بنایا گیا ہے بد قسمتی سے بلوچستان تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہے ،ہم سب نے سب سے پہلے لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، حکومت نے بچیوں کی سو فیصد تعلیمی اداروں میں داخلے کی حکمت عملی طے کر لی ہے اور اس سلسلے میں غیر سرکاری ادارے بلخصوص مقامی این جی او جینڈر اینڈ امپاورمنٹ آرگنائزیشن حکومتی کوششوں میں برابر کی شریک ہے ،ان خیالات کا اظہار محکمہ تعلیم کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے جینڈر اینڈ امپاورمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیمی حقوق کے پروگرام کے عنوان سے ایک روزہ منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہاکہ رواں برس ضلعی محکمہ تعلیم چوبیس ہزار سے زائد بچوں کو اسکولوں میں داخل کروائے گی اور اس داخلہ مہم کو غیر سرکاری ادارے، شہری نمائندے اور عوام مل کر کامیاب کروائیں گے جس سے آنے والے دنوں میں بہت بہتر نتائج مرتب ہوں گے تقریب سے شہری اتحاد کے نومنتخب صدر حاجی عبدالخالق کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پچیاں تعلیم یافتہ ہوں گی تو ہم ترقی کے میدان میں پیچھے نہیں رہیںگے شرح خواندگی بڑھانے کے لئے شعور و آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ ناخواندگی کا خاتمہ ہو اور ایک بہتر معاشرہ تشکیل پاسکے ،تقریب سے جینڈر اینڈ امپاورمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالسلام مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم یونیسکو پاکستان کے تعاون سے گرلز رائٹ ٹو ایجوکیشن پروگرام کے تحت محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کے بچیوں کو تعلیمی اداروں کی جانب راغب کر رہی ہے ،جی ای اواور علاقے کے عوام کی کوششوں سے سینکڑوں بچوں اور بچیوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کیا گیا ہے ہم سب نے مل کر اس معاشرے کو علم کی خوشبو سے مہکانا ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی کارکن کامریڈ ظہور کھوسہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچیوں کی تعلیم نہایت اہمیت کی حامل ہے ہم لڑکیوں کو تعلیم دئے بغیر کسی صورت ترقی حاصل نہیں کر سکتے اور غیر سرکاری تنظیمیں ، حکومتی ادارے اور عام شہری مل کے علاقے میں تعلیم عام کرنے کے لئے بہتر خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔ تقریب سے اقلیتی برادری کی جانب سے ایڈوکیٹ امیش کمار، عبدالحکیم محمد حسنی، مولوی نثار احمد، ڈاکٹر صفدر حسین مستوئی، عمران مری، طارق شہباز کٹوہر، سیف اللہ کھوسہ، مس مدیحہ نور، فدا حسین مگسی اور عبدالحمید عمرانی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں عام شہریوں کے ساتھ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تقریب کے آخر میں ایک نو رکنی کمیٹی بھی بنائی گئی جو علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم میں حائل دشواریوں کو دور کرنے میں اپنا کردار اد ا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :