کوئٹہ، حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ، عامر خان رند

پیر 19 فروری 2018 16:40

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) صوبائی وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میر عامر خان رند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کھلی کچہریوں کے انعقاد سے حکومتی اہلکاروں افسر شاہی اور عوام کے مابین فاصلے ختم ہونگے اور عوامی مشکلات کا بڑی حد تک ازالہ ممکن ہو سکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کی ہوئے کیا ،صوبائی وزیر نے کہا کہ وسائل سے مالا مال صوبے کے عوام کی اکثریت غربت اور پسماندگی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے جو کہ ایک افسوسناک امر ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ صوبے کے وسائل پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی اسی تناظر میں وزیر اعلیٰ نے عالمی ثالثی فورم پر ریکوڈک منصوبے کے کیس کی پیروی کے لئے غیر ضروری لمبے چوڑے وفد کے بجائے ضروری افراد پر مشتمل وفد بھجوانے کی ہدایت جاری کی ہے ،میر عامر خان رند نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو صحیح معنوں میں زیر استعمال لا کر بلوچستان سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی تنظم نو سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اور صوبہ مالی خودمختاری اور استحکام کی جانب گامزن ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :