راولپنڈی،فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میںبین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیرہو گئی

پیر 19 فروری 2018 16:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں دوسری بین الاقوامی ’’گورننس اینڈ پبلک پالیسی ‘‘کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ، کانفرنس میں دس سے زائد ممالک کے مندوبین سمیت ملک بھر سے ماہرین تعلیم نے شرکت کی ۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اختتامی سیشن سے خطاب میں کہا کہ ایک لڑکی کوزیور تعلیم سے آراستہ کرنا ایک نسل کی تربیت ہے ،طالبات تیزرفتار دنیا سے ہم آہنگی کے لیے خود کو تیار کریں ، طالبات عصر حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر پیشہ وارانہ مہارت ،خود اعتمادی اور خود انحصاری اپنائیں ، آزاد جموں و کشمیر حکومت طالبات کو عالمی معیار کی تعلیم دینے کے لیے پرعزم ہے ۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی معیاری تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کرنے کے ساتھ ساتھ طالبات کی ذہنی نشوونماء اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جو کہ قابل ستائش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ملک اور بیرون ملک اپاکستان کا نام روشن کریں ۔

کانفرنس کے اختتامی سیشن سے وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ثمینہ قادر امین ،ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر عذرا یاسمین ،سربراہ پبلک ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر شعیب اختر نے بھی خطاب کیا اور بیرون ملک سے آنے والے شرکاء سے اظہار تشکر کیا ۔قبل ازیں بین الاقوامی ’’گورننس اینڈ پبلک پالیسی ‘‘کانفرنس کے ملکی و غیر ملکی مندوبین نے تین روزہ کانفرنس کے دوران موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی اور باہمی تبادلہ خیال کیا ۔

شرکاء نے کہاکہ گورننس اینڈ پبلک پالیسی باہم لازم و ملزوم ہیں اور پبلک پالیسی کی انفرادیت سے ہی گورننس بہتر سے بہترین کے مدارج میں داخل ہو تی ہے ۔واضح رہے کہ عالمی کانفرنس میں دس سے زائد ممالک کے ماہرین تعلیم نے شرکت کی اور وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی ثمینہ امین قادر کی جانب سے طالبات کے وژن کو وسعت دینے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔