ْچیئرمین تحریک انصاف ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاورکے توسیعی منصوبے کا کل سنگ بنیاد رکھیں گے

صوبائی حکومت دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی طرز پرارباب نیاز اسٹیڈیم اور عالمی معیار کی کرکٹ اکیڈمی تعمیر کرے گی،جس پر 1.4ارب روپے کے اخراجات آئیں گے

پیر 19 فروری 2018 17:53

ْچیئرمین تحریک انصاف ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاورکے توسیعی منصوبے کا کل ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل منگل کو ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاورکے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے،صوبائی حکومت دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی طرز پرارباب نیاز اسٹیڈیم اور عالمی معیار کی کرکٹ اکیڈمی تعمیر کرے گی،جس پر 1.4ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر ارباب نیاز اسٹیڈیم کی توسیع اور عالمی معیار کی کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا منصوبہ تشکیل دیا ہے، ارباب نیاز اسٹیڈیم کو نئے سرے سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی طرز پر تعمیر کیا جائے گاجس کے ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی طرح تمام سہولیات سے آراستہ کرکٹ اکیڈمی بھی تعمیر کی جائے گی، منصوبے پر مجموعی طور پر 1.4ارب روپے لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت خرچ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پشاور کرکٹ اکیڈمی کو چلانے کیلئے سالانہ 3کروڑروپے خرچ ہوں گے،جن میں سے ایک کروڑ پاکستان کرکٹ بورڈ اور دو کروڑ روپے صوبائی حکومت ادا کیا کرے گی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل منگل کو ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاورکے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔