پی ٹی آئی نے رائو انوار کو بہادر بچہ کہنے پر آصف علی زرداری کے بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی

رائو انوار نے کئی جعلی مقابلوں میں بے گناہوں کو مارا، اردو بولنے والے بھی جعلی مقابلوں کی بھینٹ چڑھے ، قرارداد کا متن رائو انوار کو گرفتار کرنے کے لیے زرداری ہائوس پر چھاپہ مارا جائے ، چیف جسٹس آصف زرداری کوطلب کرکے ان کے بیان کا نوٹس لیں، خرم شیرزمان

پیر 19 فروری 2018 16:13

پی ٹی آئی نے رائو انوار کو بہادر بچہ کہنے پر آصف علی زرداری کے بیان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) تحریک انصاف نے سابق ایس ایس پی ملیررائو انوار کو بہادر بچہ کہنے پر سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کے بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق معطل ایس ایس پی رائو انوار کو بہادر بچہ کہنے کا بیان آصف زرداری کو مہنگا پڑ گیا، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے رائو انوار کے متعلق الفاظ پر سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ رائو انوار کے حق میں آصف زرداری کے بیان کی مذمت کرتے ہیں ، رائو انوار نے کئی جعلی مقابلوں میں بے گناہوں کو مارا، اردو بولنے والے بھی جعلی مقابلوں کی بھینٹ چڑھے ۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آصف زرداری کراچی کے عوام سے معافی مانگیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ثمر علی خان بھی تھے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہا کہ قوم کو پتہ چل گیاہے کہ یہ بچہ اصف زرداری کا ہے ۔

کیا اصف زرداری کی نظر میں 444قتل ٹھیک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصف زرداری کو شرم آنی چاہیئے نقیب اور جو لوگ قتل ہوئے کیا ان کے اہلخانہ کا دل نہیں دکھا ہوگا۔انہوں نے آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ رائو انوار کو گرفتار کرنے کے لیے زرداری ہائوس پر چھاپہ مارا جائے جبکہ چیف جسٹس صاحب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آصف زرداری کو طلب کریں اور ان کے بیان کا نوٹس لیں۔