Live Updates

عمران خان نے شدید سیاسی دباؤ کم کرنے کیلئے تیسری شادی کواب ظاہرکیا

نکاح رجسٹرڈ پرشادی کی تاریخ گزشتہ روزدرج کی گئی،عمران خان کی شادی روحانی پیشوا بشریٰ مانیکا سے یکم جنوری کوہوچکی تھی،سیاسی دباؤکم کرنےاورمایوسی کاشکارپارٹی کارکنان کی توجہ ہٹانےکیلئے شادی کواب ظاہرکیا۔تجزیاتی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 فروری 2018 15:16

عمران خان نے شدید سیاسی دباؤ کم کرنے کیلئے تیسری شادی کواب ظاہرکیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ تجزیہ ثناء اللہ ناگرہ۔ 19 فروری 2018ء) :تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیاسی دباؤ کم کرنے کیلئے تیسری شادی کواب ظاہرکی،جبکہ شادی پہلے ہوچکی تھی،نکاح رجسٹرڈ پرشادی کی تاریخ گزشتہ روز درج کی گئی ،تاہم شادی یکم جنوری کوہوچکی تھی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کوتقریباًگزشتہ ڈیڑھ ماہ سے یکے بعد دیگرے کشیدہ سیاسی صورتحال کاسامنا ہے۔

اب عمران خان کے مسلم لیگ ن پرسیاسی حملے بھی اس طرح اپنااثردکھانے میں ناکام ہیں جس طرح نوازشریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے دوران پی ٹی آئی کی مقبولیت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا تھا۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی سے لیکراحتساب عدالت میں دائر ریفرنسز تک عمران خان کی سیاست عروج پرپہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اب عمران خان کے سب سے بڑے سیاسی حریف سابق وزیراعظم نوازشریف کی مقبولیت میں مزید اضافہ جبکہ عمران خان کی مقبولیت میں دن بدن کمی آرہی ہے ۔

نوازشریف نے مجھے کیوں نکالا سے لیکر تحریک عدل جس انداز میں شروع کی اور پھر منظم اور فعال انداز میں جس طرح زبردست عوامی جلسے کیے ۔اس سے مسلم لیگ ن کی آئندہ عام انتخابات کیلئے جہاں بہترین انتخابی حکمت عملی ظاہر ہورہی ہے وہاں ن لیگ کوآئندہ الیکشن میں بھرپورکامیابی ملنے کابھی امکان ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی جماعت حکومت میں بھی ہے اور نوازشریف اس کے باوجود اپوزیشن کی طرح جلسے بھی کررہے ہیں۔

نوازشریف کاسپریم کورٹ میں نااہلی کے بعد اپنی جماعت کومنظم وفعال بنانے سے لیکر عوام کے پاس جانے سے ان کی مقبولیت تیزی سے بڑھ گئی ہے۔نوازشریف جلسے جلوسوں میں اپنی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کونہ صرف عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں بلکہ سیاسی مخالفین عمران خان اور آصف زرداری کی صوبائی حکومتوں کی بیڈگورننس اور بری کارکردگی کابھی کھل کرتنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

جس کامسلم لیگ ن کولاہور،چکوال ، لودھراں سمیت متعدد ضمنی انتخابات میں بھرپورفائدہ پہنچااور ن لیگ اپنی بہترین سیاسی حکمت عملی کے باعث ضمنی انتخابات جیت رہی ہے۔اس کے برعکس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ،پیپلزپارٹی ،عوامی تحریک اور تمام حزب اختلاف کی جماعتیں جنہوں نے سانحہ ماڈل کے حق میں مال روڈ پربھرپور احتجاج کرنے کادعویٰ کیالیکن بری طرح فلاپ شوکیا۔

اسی موقع پرعمران خان نے اپنے قریبی سیاسی دوست شیخ رشید کی باتوں میں آکرپارلیمنٹ پر”لعنت “بھیج کراپنے پاؤں پرخود کلہاڑی مار دی جس سے عمران خان کی سیاسی شہرت کونقصان پہنچنا شروع ہوگیا۔اس کے بعد پھر عمران خان کی خیبرپختونخواہ حکومت کی کارکردگی،بلین ٹری منصوبہ ،سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پرشدید تنقید کانشانہ بنایاجانے لگا۔

تاہم لودھراں الیکشن نے تحریک انصاف کی آئندہ الیکشن کی جیت پرسوالیہ نشان لگادیاہے۔چیئرمین پی ٹی آئی آج کل شدید سیاسی دباؤ شکار تھے اورپی ٹی آئی کی مقبولیت بھی دن بدن کم ہورہی تھی۔اسی وجہ سے عمران خان نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کوظاہر کردیاہے تاکہ عوام اور پارٹی کارکنان جوکہ مایوسی کاشکار ہیں ان کی توجہ سیاسی کٹھن صورتحال سے ہٹائی جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی شادی پہلے ہوچکی تھی۔نکاح رجسٹرڈ پرشادی کی تاریخ گزشتہ روز درج کی گئی ،جبکہ عمران خان کی شادی ان کی روحانی پیشوا بشریٰ مانیکا سے یکم جنوری کوہوچکی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات