توہین عدالت کیس: نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کاریکارڈ طلب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 فروری 2018 15:01

توہین عدالت کیس: نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کاریکارڈ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2018ء) لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی متفرق درخواست پر عدلیہ مخالف تقاریر کاریکارڈ طلب کرلیا۔پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی متفرق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ نے میڈیا کے نگراں ادارے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے متعلقہ ذمہ دار افسر کو ریکارڈ سمیت 23 فروری کو طلب کرلیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف اور مریم نواز اپنے بیانات اور جلسوں میں کی جانے والی عدلیہ مخالف تقاریر کے دوران مسلسل توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔دونوں سیاست دان پاناما فیصلے کی آڑ میں اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں، عدلیہ مخالف تقاریر پر پیمرا اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے پر ناکام رہا، عدالت نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔