سعودی عرب اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف قرارداد کی حمایت کرے گا، عادل الجببر

ایران یمن میں حوثی باغیوں، خطے میں انتہا پسندی اور جارحیت کے فروغ اوردہشت گرد گروہوں کی مدد کر رہا ہے ،انٹرویو

پیر 19 فروری 2018 15:22

میونخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) سعودی عرب نے کہاہے کہ وہ ایران کے بیلسٹک میزائل کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ اور برطانیہ کی مجوزہ قرارداد کی حمایت کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف مجوزہ قرارداد منظور ہو گئی تو اس سے ایران کے 'بیلسٹک میزائل کی برآمدات' روکنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایران یمن میں حوثی باغیوں، خطے میں 'انتہا پسندی اور جارحیت' کے فروغ اوردہشت گرد گروہوں کی مدد کر رہا ہے۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ بیلیسٹک میزائل اور ایران کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت پر ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حوثی باغی ایرانی میزائل استعمال کر کے یمن اور سعودی عرب میں شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ روس کی جانب سے ان اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔