سعودی عرب کا ایران کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ اور برطانیہ کی قرارداد کی حمایت کااعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 فروری 2018 14:26

سعودی عرب کا ایران کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ اور برطانیہ کی قرارداد ..
میونخ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2018ء) سعودی عرب نے ایران کے بیلسٹک میزائل کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ اور برطانیہ کی مجوزہ قرارداد کی حمایت کااعلان کیا ہے۔جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس کے دوران ایک انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف مجوزہ قرارداد منظور ہو گئی تو اس سے ایران کے 'بیلسٹک میزائل کی برآمدات' روکنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران یمن میں حوثی باغیوں، خطے میں 'انتہا پسندی اور جارحیت' اوردہشت گرد گروہوں کی مدد کر رہا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ بیلیسٹک میزائل اور ایران کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت پر ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حوثی باغی ایرانی میزائل استعمال کر کے یمن اور سعودی عرب میں شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

26 فروری کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں ایران کے میزائل پروگرام کے خلاف قرارداد پیش کی جا رہی ہے۔ایران کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کو منظوری کے لیے9 ووٹ درکار ہیں لیکن روس کا قرارداد کے حق میں ووٹ دیے جانے کا امکان کم ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ روس کی جانب سے ان اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودہ میں یمن پر مزید ایک سال تک پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت سلامتی کونسل یمن میں بیلیسٹک میزائل کے استعمال سے منسلک کسی بھی اقدام پر پابندی لگا سکتا ہے۔